تین ہٹی سے دس نمبرلیاقت آباد تک روڈکارپیٹنگ کرانے پر سید شاکر علی کے مشکورہیں،حاجی انصاربیگ قادری

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) آل کراچی تاجر اتحادکے صدر حاجی انصاربیگ قادری نے ماہ رمضان المبارک میں امن وامان کے قیام اور بہترین حفاظتی اقدامات کرنے پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ویسٹ سمیت تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پی سینٹرل،ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز،ڈی جی رینجرزاوردیگر متعلقہ افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحتیابی،تندرستی اور درازیء عمر کی دعاکی ہے۔

حاجی انصاربیگ قادری نے کہاکہ ہم ان تمام اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی شبانہ روزاور گوناگوں کاوشوں سے کراچی شہر میں امن وامان قائم رہا،چند ایک کے سوابدامنی کا کوئی واقعہ کوئی حادثہ پیش نہیں آیاجو ہمارے سیکورٹی اداروں کی کامیابی ہے جس پر ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے تمام متعلقین کو مبارکبادپیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حاجی انصاربیگ قادری نے تین ہٹی سے لیاقت آباد دس نمبر تک روڈکارپیٹنگ کرانے پر وائس چیئرمین ضلع وسطی سید شاکرعلی کابھی شکریہ اداکیا۔اس موقع پر انہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہیدہونے والے پاک فوج،رینجرز اور پولیس کے افسران واہلکاران کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت وبلندیء درجات کی دعاکی کہ اللہ ان کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔انہوں نے احمدپورشرقیہ میں آئل ٹینکرحادثے میں ہونے والی اموات پر شدیدافسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعاکی۔