مرتے دم تک پاکستان کی حفاظت کریں گے،سلیم خاں قادری

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کااہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی ؐ گلبہارکے چیئرمین اور ممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو دین وملت کے دشمنوں کے بنے ہوئے جال سے بچنے کے لئے تحریک پاکستان کے بیس لاکھ سے زیادہ اہلسنّت حنفی بریلوی شہداء کو یادرکھنے کی ضرورت ہے، تحریک پاکستان چلانے والوں کی اولادوں کو مسائل کی دلدل میں دھکیل کردیوار سے لگانے کی ہر دورمیں سازشیں ہوتی رہی ہیں،ہم گھبرانے والے ہرگزنہیں ہیں،ہم پاکستان کی حفاظت مرتے دم تک کریں گے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں افسوسناک واقعات لمحہء فکریہ ہیں، حکمران اپنے قول وفعل کا جائزہ لیں اور غوروفکر کرتے ہوئے قوم سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کریں۔ وہ عیدالفطر کی چاندرات کے موقع پر کارکنان اہلسنّت حنفی بریلوی سے بات چیت کررہے تھے،اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان کے رہنمامحمدشکیل قاسمی، اے این آئی کے عبدالوحید یونس نورانی،پاکستان اسلامک فورم کے رہنماناصرحسین خاں، یاسین شکوری ویلفیئرٹرسٹ کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ، عتیق حسین صدیقی، حاجی عبدالرحیم عرف محمدبھائی، عبدالکریم غوری، محمددلاور، شیخ عمران فیاض قادری، جمیل عباس نورانی ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے ساتھ حکمرانوں کا رویہ انتہائی دردناک ہے،اہلسنّت حنفی بریلوی بستیوں میں پینے کا پانی اور بجلی نہ ہونے کے برابر کردی گئی ہے، نکاسیء آب کا نظام جان بوجھ کر خراب کردیاگیاہے، ہماری مساجد، خانقاہوں اور آستانوں کے باہر گندے پانی کے جوہڑ،گندگی کے انبار بلدیہ کی نااہلیت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

اہلسنّت حنفی بریلوی مسجدوں کی میں ایک طرف توبجلی کی فراہمی برائے نام ہے تو دوسری طرف بجلی کے بل کسی مل ،فیکٹری کی طرح وصول کئے جارہے ہیں، ہم سب کچھ برداشت کررہے ہیں لیکن صبر کی بھی کوئی حد ہے، ہمارے صبر کاپیمانہ لبریز ہوگیاتو اچھانہیں ہوگا، کالعدم تنظیموں کو آزادانہ طورپر مختلف حیلے بہانوں سے کیمپ لگانے ،اجتماعات کرنے اور چندے وصول کرنے کی اجازت دینابھی اہلسنّت حنفی بریلوی دشمنی میں کیاگیاہے، اور اس قسم کی حرکات نئے سوالات پیداکررہی ہیں۔

پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے امن کے قیام کے لئے جو قربانی دے رہے ہیں اوراپنی جانیں قربان کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے، مگر قتل وغارت گری ،لوٹ مار ،اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی تعداد ایک سوالیہ نشان ہے۔ محمدسلیم خاں قادری ترابی نے گورنر سندھ محمدزبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ودیگر متعلقہ حکام سے ایک بارپھر دردمندانہ اپیل کی کہ وہ خدارا!اپنے عوام پر رحم کھائیں ،باالخصوص عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے مسائل کو فوری حل کرنے اور بنیادی حقوق کی فراہمی اور عیدالفطر کے موقع پر حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں اپنی ذمہ داری کا احساس کریں ۔

سلیم خاں قادری ترابی نے مطالبہ کیاکہ عیدالفطر کے اجتماعات کے اجازت نامے (این اوسی) فوری جاری کئے جائیں،نمازعید الفطر کے اجتماعات کو تحفظ دینے کے اقدامات کئے جائیں۔ عید کے موقع پر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایاجائے، اہلسنّت حنفی بریلوی عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، محلوں اور بازاروں میں بارش سے پیداشدہ گندگی کو فوری طورپر صاف کیاجائے،بلدیاتی اداروں میں ایمرجنسی لگائی جائے اور انہیں فوری طورپر فنڈز فراہم کئے جائیں،تمام تفریح گاہوں میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کئے جائیں،شرپسندوں پر کڑی نگاہ رکھی جائے، امن پسند شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے، ٹریفک روانی کو برقراررکھنے کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے مرکزی میلادالائنس پاکستان کے تمام ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ امن وامان کے قیام کے لئے پولیس ،رینجرز او ر قانون نافذکرنے والے تمام اداروں کے ساتھ اپنے تعاون کے تسلسل کو قائم رکھیں۔دریں اثناء محمدسلیم خاں قادری ترابی نمازعید الفطر نارتھ کراچی سیکٹر2میں اداکریں گے اور عوام سے عید ملیں گے۔بعدازاں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کریں گے۔جبکہ مختلف علاقوں کے دورے کرکے قائدین ،اکابرین اور کارکنان کے گھروں پر جاکر عید ملیں گے، ان کی خیریت دریافت کریں گے اور عید الفطرکے موقع پر حکومتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو حسن کارکردگی شیلڈز اور ایوارڈز دیں گے۔

متعلقہ عنوان :