واٹربورڈ انتظامیہ نے کورنگی زمان ٹائون کو کربلابنادیاہے، اسفندیارخان

اتوار 25 جون 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) جمعیت علماء پاکستان یوتھ ونگ سندھ کے جنرل سیکریٹری اسفندیارخان نے کہاہے کہ کورنگی زمان ٹائون کے مکینوں کو لاوارث چھوڑدیاگیاہے ، علاقہ مکین پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں،ترقی کے اس دورمیں بھی کراچی جیسے بین الاقوامی شہر کے رہائشی پانی جیسی نعمت سے محروم ہیں اور کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے، کراچی کی ملکیت کے دعویدار جانبداری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے زمان ٹائون کے مکینوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہیں، وفد کے اراکین نے علاقے میںپانی کی بدترین قلت کے باعث پیش آنے والی پریشانیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ کئی ماہ سے علاقے میں پانی نہیں آرہاجس کے باعث مکین پریشانی اور مشکلات سے دوچارہیں،غنڈہ عناصر واٹربورڈ انتظامیہ اور عملے کی ملی بھگت سے لائنوں میں رخنہ ڈال کر پانی اپنے علاقوں کی جانب کھینچ رہے ہیں جس کی وجہ سے پانی آگے کے علاقوں تک نہیں پہنچ پاتا،دوسری جانب رہائشی علاقوں کا پانی فیکٹریوں کو سپلائی کیاجارہاہے اور ہم 2000روپے میں ٹینکروں کا مضرصحت پانی پینے پر مجبورہیں، حکام بالاہماری حالت زارپر رحم کرے اور پینے کے پانی جیسی نعمت سے محروم کرنے والوں کااحتساب کرے۔

(جاری ہے)

اسفندیارخان نے کہاکہ واٹربورڈ انتظامیہ نے زمان ٹائون کو کربلابنادیاہے حالانکہ یہ وہ علاقہ ہے جہاں سے پانی کے بلوں کی سوفیصدادائیگی ہوتی ہے،مگر نتیجے میںیہاں کے مکینوں کو پینے کے پانی سے ہی محروم کردیاگیاہے۔حکومت سندھ فوری طورپر اس صورتحال کانوٹس لے اورواٹربورڈ انتظامیہ اور عملے سے بازپرس کرکے زمان ٹائون کے مکینوں کو پینے کا پانی فراہم کرے۔