میٹرو اور سڑکوں سے زیادہ صحت کے منصوبے اہم ہیں،جنوبی پنجاب کا علاقہ محرومیت کی تصویر ہے،یہاں لاشیں سستی اورغریب لوگوں کی ہیں۔اگرسانحہ احمدپورشرقیہ جیسا واقعہ تخت لاہور میں پیش آتاتو پورے صوبے کی مشینری لاہور پہنچ جاتی،بہاولپورڈویڑنل ہیڈ کوارٹر ہے ،یہاں برن یونٹ ہوتا تواموات کم ہوتیں

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کا احمد پورشرقیہ جائے حادثہ کا دورہ ‘نشتر ہسپتال ملتان میں زخمیوں کی عیادت کی ‘میڈیا سے گفتگو میں حکومت پر کڑی تنقید

اتوار 25 جون 2017 19:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چئیرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ میٹرواور اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں پر ہے جبکہ میٹرو اور سڑکوں سے زیادہ صحت کے منصوبے اہم ہیں۔جنوبی پنجاب کا علاقہ محرومیت کی تصویر ہے۔یہاں لاشیں سستی اورغریب لوگوں کی ہیں۔اگرسانحہ احمدپورشرقیہ جیسا واقعہ تخت لاہور میں پیش آتاتو پورے صوبے کی مشینری لاہور پہنچ جاتی اورتمام سہولیات مہیا کی جاتیں۔

بہاولپورڈویڑنل ہیڈ کوارٹر ہے ،یہاں برن یونٹ ہوتا تواموات کم ہوتیں۔احمدپورشرقیہ جائے حادثہ کا دورہ اور نشتراسپتال برن یونٹ میں سانحہ احمدپورشرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی حکومت پر برس پڑے۔

(جاری ہے)

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب حکومت کی ترجیح نہیں ہے۔حکومت جنوبی پنجاب سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنا بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے ،فوری اقدامات کئے جاتے تو نقصانات کم ہوتے۔جنوبی پنجاب کا علاقہ محرومیت کی تصویر ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت کو پنجاب میں دسواں سال ہے ،حکومت نے جنوبی پنجاب کی تعمیروترقی کے بڑے دعوے کیے ،لیکن آج قوم نے دیکھ لیا کہ حقیقت کیا ہے۔بہاولپورڈویڑنل ہیڈکوارٹر ہے لیکن یہاں برن یونٹ نہیں ہے۔اگریہاں برن یونٹ ہوتا تواموات کم ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات درست نہیں ہیں۔تعلیم،صحت اور روزگار حکومت کی ترجیحات میں سرے سے شامل ہی نہیں ہے۔