ہمیں اس عظیم موقع پر انفرادی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اور ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی ‘عابد حسین صدیقی

اتوار 25 جون 2017 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس عظیم موقع پر انفرادی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اور ملکی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی اور ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہوگا جو دہشتگردی سے متاثر ہوئے اور انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سانحہ احمد پور شرقیہ میں ہلاک ہونے والوں کے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل وطن کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور دنیاوی اور اخروی خوشیوں سے نوازے۔ آج وطن عزیز کو دہشت گردی‘ فرقہ پرستی‘ ٹارگٹ کلنگ اور انتہا پسندی کے علاوہ ناگہانی سانحات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اخوت و بھائی چارہ‘ ہمدردی و مذہبی رواداری‘ امن و آشتی اور پیارو محبت کے پرچار اور ان اعلیٰ اقدار پر عمل کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

عزیز پاکستان آج تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ان حالات میں دعا ہے کہ ملک کے حکمران اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں۔