وزیراعلیٰ کا سی ایم ایچ بہاولپور، بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال اور برن یونٹ ملتان کا دورہ ، سانحہ احمد پورشرقیہ کے زخمی افراد کی عیادت کی

وزیر اعلی جھلسنے والے تمام افراد کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی، زخمی افراد سے گفتگو کی اور ان کے حوصلے بڑھائے زخمیوں کا اس طرح علاج کریں جیسے یہ آپکے اپنے عزیز و بچے ہیں، انہیں بہترین طبی سہولتیں دیکر انکے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں وزیر اعلی کا جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20، 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کیلئے 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان المناک سانحہ کی مکمل انکوائری کی جائے گی، جائزہ لیا جائے گا آئل ٹینکر ہائی وے پر کیسے الٹا اور کس طرح آگ بھڑکی آخری مریض کے صحت یاب ہونے تک پوری ٹیم یہاں موجود رہے گی ،میں بھی آپ کی خدمت کیلئے حاضر ہوں‘شہباز شریف

اتوار 25 جون 2017 19:40

�اہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سی ایم ایچ بہاولپور ، بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال اور برن یونٹ ملتان کا دورہ کیااور ہسپتالوں میں سانحہ احمد پورشرقیہ کے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی-وزیر اعلی فردا فردا زیر علاج جھلسنے والے تمام افراد کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی-وزیر اعلی نے زخمی افراد سے گفتگو کی اور ان کے حوصلے بڑھائی-وزیر اعلی نے ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں -انتہائی المناک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے -وزیر اعلی نے سی ایم ایچ ہسپتال میں زخمیوں کو دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا-سی ایم ایچ کے دورے کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنٹ 35 میجر جنرل امجد خٹک بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے - سی ایم ایچ کی انتظامیہ نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں وزیر اعلی کو آگاہ کیا-بعد ازاںوزیراعلیٰ پنجاب بہاولپوروکٹوریہ ہسپتال گئے اورسانحہ احمد پورشرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی-وزیر اعلی ہسپتال میں زیر علاج ایک ایک زخمی کے پاس گئے اور اس کی خیریت دریافت کی-وزیر اعلی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں اور علاج معالجہ فراہم کیا جائے - وزیر اعلی نے ڈاکٹروں اور نرسوں کو تلقین کی کہ زخمیوں کا اس طرح علاج کریں جیسے یہ آپ کے اپنے عزیز و بچے ہیںاور ہم انہیں بہترین طبی سہولتیں دے کر ان کے دکھوں کا مداوا کر سکتے ہیں - انہوںنے کہا کہ احمد پورشرقیہ کے سانحہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور یہ بہت بڑا سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو رنجیدہ کیا ہے -زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گی-وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف برن یونٹ ملتان بھی گئے جہاں انہوں نے برن یونٹ میں آگ سے جھلسنے والے افراد کی عیادت کی-وزیر اعلی نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت پنجاب زخمیوں کے علاج معالجہ کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کرے گی- آخری زخمی کی مکمل صحت یابی تک حکومت پنجاب کی متعلقہ ٹیم بہاولپور اور ملتان میں موجود رہے گی اورزخمیوں کی مکمل صحت یابی تک حکومت ان کی دیکھ بھال کرے گی-وزیر اعلی نے زخمی افراد کے اہل خانہ کو حوصلہ دیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت علاج معالجے میں وسائل میں کمی نہیں آنے دے گی- وزیر اعلی نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کا تندہی اور توجہ سے علاج معالجہ کیا جائے اور انہیں ہر طرح کی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں- وزیر اعلی نے زخمیوں سے المناک حادثے کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں -وزیر اعلی کے ہمراہ کورکمانڈ ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار بھی تھی-واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملتان کا برن یونٹ کچھ عرصہ قبل مکمل ہوا ہے اور اس برن یونٹ میں جھلسنے والے 58 افراد کو لایا گیا- یہ برن یونٹ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کی جانب سے جدید طبی سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدام ہے اور اس کا شمارخطے کے بہترین برن یونٹ میں ہوتا ہے جہاں مریضوں کو نہ صرف بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ ڈاکٹر اور عملہ بھی ان کی نگہداشت کر رہا ہے - وزیر اعلی نے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے واقعہ کی خبر ملتے ہی مجھے حکم دیا کہ میں پوری طرح امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کروںاور میں ان کے حکم پر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے پاس حاضر ہوا ہوںاور زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف بھی اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے آج ہی وطن واپس آرہے ہیں اور وہ انشاء اللہ زخمیوں کی عیادت کیلئے بہاولپور آئیں گے - انہوںنے کہا کہ بہاولپور اور ملتان کے ہسپتالوں میں زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے اور آخری مریض کے صحت یاب ہونے تک پوری ٹیم یہاں موجود رہے گی اور میں بھی آپ کی خدمت کے لئے حاضر ہوں-انہوںنے کہا کہ آخری مریض کی صحت یابی تک پنجاب حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی - انہوںنے کہا کہ اس المناک سانحہ کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ آئل ٹینکر ہائی وے پر کیسے الٹا اور اس میں کس طرح آگ بھڑکی- انہوںنے کہا کہ واقعہ کے بعد میں نے آرمی چیف سے فون پر بات کی اور انہوںنے امدادی سرگرمیوں کے لئے ہیلی کاپٹرز بھجوائے جس پر ان کے شکر گزار ہیں - وزیر اعلی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے ورثاء کیلئے 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا- انہوںنے کہا کہ یہ رقم قیمتی جانوں کی تلافی تو نہیں ہو سکتی لیکن یہ حکومت کا بنیادی فرض ہے - جس گھرانے کا کوئی پیارا بچھڑ جائے تو اس کی زندگی اندھیر ہو جاتی ہے اور اس کے غم کو صرف وہی محسوس کر سکتا ہے جس کا پیارا اس سے بچھڑ جائی- انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کی مالی امداد کا اعلان کر کے اپنا بنیاد ی فرض نبھایا ہے - انہوںنے کہا کہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی دلجوئی کے لئے بھی ان سے ملوں گا - قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف بہاولپور پہنچے اورانتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کی -کمشنر بہاولپور ڈویژن نے سانحہ احمد پور شرقیہ کے بارے میں بریفنگ دی اوروزیر اعلی کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا-وزیر اعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کی منتقلی کیلئے چار ہیلی کاپٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیںاور لاشوں کی شناخت کیلئے فرانزک کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے -وزیر اعلی نے جائے حادثہ کا فضائی دورہ کیا اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا-

متعلقہ عنوان :