وزیراعظم محمد نواز شریف کا احمد پور شرقیہ سانحہ پر برطانیہ کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس آنے کا فیصلہ

اتوار 25 جون 2017 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر سانحہ کے باعث اپنا برطانیہ کا دورہ مختصر کرکے اتوار کو وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتوارکو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف بہاولپور میں آئل ٹینکر کے المناک سانحہ کے تناظر میں فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کرنے کے بعد اتوار کو پاکستان روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا ہے کہ جمعة الوداع پر دہشت گردی کے واقعات اور احمد پور شرقیہ کے سانحہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے قوم سے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے عملہ کو بھی واپسی کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے رابطہ کیا اور انہیں احمد پور شرقیہ پہنچ کر تمام امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔