کوہاٹ میں کھلونا اسلحہ اور میرج بموں کے خلاف پولیس کریک ڈائون ، 38افراد گرفتار

اتوار 25 جون 2017 19:00

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) کوہاٹ میں کھلونا اسلحہ اور میرج بموں کے خلاف پولیس کریک ڈائون کے دوران 38افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں بارودی مواد،کریکر بم اور کھلونا ہتھیار برآمد کرلئے گئے ہیں۔گرفتار افراد کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی کے قانون کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

کاروائی میں گرفتار افراد کو عدالت کے حکم پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکوہاٹ جاوید اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے معلومات کے تبادلے کے دوران بتایا کہ ضلع بھر میں امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے اور عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے تناظر میں بلا اشتعال ہوائی فائرنگ اور دھماکوں کی مانند خوفناک آواز پیدا کرنیوالی آتش بازی کے سد باب اور سکول بچوں میں اسلحہ کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کی خاطرضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت چائنہ پٹاخوں،میرج بموں،کریکرز،شراروں،آتشگیر مادوں اورپلاسٹک سے تیار کردہ کھلونا اسلحہ سمیت اس ضمن میں شامل تمام اشیاء پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور پولیس کو ایسی اشیاء کی فروخت پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس نے مختلف مقامات پر بھر پور کریک ڈائون کرتے ہوئے پابندی کے باوجود ممنوعہ اشیاء کی فروخت میں ملوث اور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب38افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پرچالیس کاٹن چائنہ پٹاخے،پانچ ہزار کریکرز،پچاس عدد میرج بم،سینکڑوں کی تعداد میں مختلف قسم کے کھلونا ہتھیار ،ہزاروں پیکٹ پلاسٹک چھرے اور دیگر بارودی مواد برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

ڈی پی اوجاوید اقبال کے مطابق آتش بازی مواد اور کھلونا اسلحہ کے خلاف کریک ڈائون تھانہ سٹی،محمد ریاض شہید،بلی ٹنگ،جرما،کینٹ اور تھانہ شکر درہ کی حدودمیں عمل میں لائی گئی ہے اور گرفتار افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 188کے تحت متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں اور بعد ازاں انہیں عدالت کے سامنے پیش کرکے جیل بھیج دیاگیا ہے۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ تھانہ محمد ریاض شہید کی حدود میں واقع مختلف علاقوں سے تین منشیات فروشوں کو بھی حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر 4330گرام چرس برآمد کرکے مقدمات قائم کردئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :