گورنرخیبرپختونخواکاعیدالفطر کے موقع پر پیغام

اتوار 25 جون 2017 19:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء)خیبرپختونخوا کے گورنرانجینئراقبال ظفرجھگڑا نے تمام ہموطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالفطر کے مبارک موقع کو ہرسطح پر اپنی صفوں میں مکمل اتحادواتفاق قائم کرنے ،معاشرے میں امن واستحکام یقینی بنانے اورایک ایسی فضا برقرار رکھنے کے عزم کے اعادے کا وسیلہ بنائیں جس میں وطن عزیز کی معاشی خوشحالی اوردفاع کی لازمی ضمانت ممکن ہوسکی اور انہی نیک تمناؤں کے ساتھ وہ اپنے تمام ہموطنوں کوعید کی مبارک دیتے ہیں۔

گورنر کے پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے۔"عیدالفطر کی خوشیاںباری تعالی کی طرف سے اہل ایمان کی رمضان المبارک کے دوران صوم وصلاة کی ادائیگی کا اجر ہے۔اہل ایمان کی حیثیت سے اسلامی تعلیمات سے خاص طورپر یہ درس ملتاہے کہ ہم اپنی زندگیاں اورروزمرہ معمولات معاشرے کے ایک منظم، ذمہ دار،ہمدرد اور صبروتحمل کے حامل قابل قدر شہری کی حیثیت سے بسر کریں۔

(جاری ہے)

اس مبارک موقع پر میں وطن عزیزخاص طورپر خیبرپختونخوا اورفاٹا کے عوام کو عیدکی مبارکباد دیتے ہوئے دلی خوش محسوس کرتاہوں۔الحمداللہ اس مرتبہ عیدکے اس مبارک موقع پر ہم اپنے آپ کو بڑی حد تک اپنے وطن کے کامیاب شہری تصورکرتے ہیں کیونکہ ہمارے عارضی طورپر نقل مکانی کرنے والے کم وبیش سبھی بہن بھائی خوشگوار فضامیں اپنے ابائی علاقوں کو لوٹ آئے ہیں۔

بحالی وتعمیر ونوکی کوششیں جاری ہیں اورامن واستحکام کی فضا کو مزیدمستحکم کیاجارہاہے۔عیدالفطر کے اس مبارک موقع کو حقیقی روح کے مطابق منانے کیلئے لازمی ہے کہ ہم اپنے گردوپیش میں موجود مستحق وضرروتمند ہموطنوں کوبھی پوری طرح ان خوشیوں میں شریک کریں۔ ہم خاص طورپراپنی سیکیورٹی فورسز اورعوام کے ان ہیروز کے بھی دلی طورپر مشکور ہیں جن کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج ہم امن وسکون کے ماحول میں اس مبارک موقع کی خوشیاں منانے کے قابل ہوئے ہیں۔ آیئے اس امر کو بھی یقینی بنائیں کہ شہداء کے عزیزواقارب بھی ہمارے ہمراہ اپنے آپ کو پرسکون محسوس کریں اوروطن عزیز کے قابل فخرشہری کی حیثیت سے عید کی خوشیاں منائیں۔