صوبائی حکومت شوال کا چاند دیکھنے کے عمل سے مکمل لاتعلق رہی، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

اتوار 25 جون 2017 19:00

صوبائی حکومت شوال کا چاند دیکھنے کے عمل سے مکمل لاتعلق رہی، وزیراعلیٰ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عید الفطر ایک مذہبی تہوار ہے۔ چاند کے نظر آنے اور نہ آنے کے فیصلے میں صوبائی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ ہم علماء کی طرف سے شہادتیں اکھٹی کرنے کے پورے عمل سے لاتعلق رہے ۔صوبے میں حکومتی اختیار قائم اور نظر آرہا ہے، امن لوٹ چکا ہے، دہشت گردی اور شدت پسندی کے رجحانات میں نمایاں کمی آئی ہے، مکمل امن کا حصول ہمار ا ہدف ہے، حکومتی عملداری کے نتیجہ میں ہم بتدریج اپنے اہداف کو حاصل کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقہ نیابت مانکی شریف نوشہر ہ میں عید الفطر کے موقع پر عمائدین علاقہ ، عام عوام اور مختلف وفود سے عید الفطر کی مبارکبادکے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک،تحصیل ناظم اشفاق اور اسحاق خٹک اس موقع پر موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ انہوںنے اداروں میں ریفارمزکے بعد ہر شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے اہداف مقررکئے اور ان اہداف کا حصول ہماری دسترس میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ تبدیلی ہمار ا منشور ہے عوام کو ریلیف دینا ہمارا مشن ہے ۔انصاف اور قانون کی حکمرانی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ انہوںنے کہاکہ تبدیلی کو اس کی روح کے مطابق سمجھنا ضروری ہے ۔

اسی تبدیلی کے تعاقب میں ہم نے ہر اُس شعبے میں اصلاحات کیں جس سے عوام کا واسطہ ہو ۔ تعلیم اور صحت کو ترجیحات میں سرفہر ست رکھا تاکہ ترقیافتہ قوم بنیں ۔ کرپشن کا خاتمہ کیا تاکہ قومی وسائل لوگوں کی جیبوں میںجانے کی بجائے عوام کی فلاح پر خرچ ہوں۔ پولیس کو عوام کی فلاح اور اُنہیں انصاف کی فراہمی پر لگا دیا ہے تاکہ کسی کا حق نہ مارا جا سکے ۔

یہ سب کچھ ہم غریب عوام کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھ کر رہے ہیںاور مقصد صرف یہی ہے کہ ادارے جن مقاصد کیلئے بنے ہیں وہ اُسی مقصد کے حصول کیلئے ڈیلیور کرسکیں۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمت ہیں وہ نمائندے جنہیں عوام اپنی نمائندگی کیلئے چنتے ہیں لیکن وہ عوام کے مصائب اور تکالیف کیلئے نہ سوچتے ہیں اور نہ اپنی توانائیاں بروئے کار لاتے ہیں حالانکہ عوام کے مسائل کے حل میں صحیح تسکین ہے اور اسی سے اطمینان قلب ملتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پورے معاشرے کو سدھارنے کیلئے فکری اور شعوری تربیت کے مشن کو اجتماعی مقصد سمجھ کر آگے بڑھناہو گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت اور ماضی کی حکومتوں میں نمایاں فرق ہے۔انکی صوبائی حکومت نے اچھی حکمرانی ، بہترین مالی نظم و ضبط، کرپشن اور اقرا پروری کے خاتمے اور اداروں کو با اثر افراد سے آزاد کرکے خود مختار بنا کر صوبے کی ترقی اور مالی وسائل کی ٹھوس بنیادیں رکھ دی ہیں۔حکومت نے عوامی توقعات اور خواہشات کو مد نظر رکھ کر اداروں کی تشکیل نو کی۔ ہم نے جس شفاف نظام کی بنیاد ڈال دی ہے اسکو مزید بہتر بنائیں گے۔