جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مقامات پر نماز عید الفطر کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے

مساجد سے متصل عید گاہوں، پارک اور گرائونڈ میں بھی نماز عید کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ،عید گاہوں میں خواتین کے لیے بھی نماز عید کا علیحدہ باپردہ انتظام

اتوار 25 جون 2017 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت شہر میں 40 سے زائد مقامات پر نماز عید الفطر کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ مساجد سے متصل عید گاہوں، پارک اور گرائونڈ میں بھی نماز عید کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ عید گاہوں میں خواتین کے لیے بھی نماز عید کا علیحدہ باپردہ انتظام ہے۔ شہر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات مرکز تقویٰ گلشن اقبال، جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی، گل مہر پارک گلشن جمال، جامع مسجد نمرہ نارتھ ناظم آباد، سیفرون لان تین تلوار کلفٹن، جامع مسجد ریاض الجنہ نارتھ کراچی، مرکز حنین قائد آباد، محمدی عید گاہ گرائونڈ میٹروول سائٹ ایریا سمیت دیگر علاقوں میں منعقد ہوں گے۔

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں نماز عید پڑھائیں گے، جبکہ جماعة الدعوة کے زونل مرکز التقویٰ گلشن اقبال میں جامعة الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی عیدالفطر کا خطبہ دیں گے۔

(جاری ہے)

مسئول جماعة الدعوة کراچی مزمل اقبال ہاشمی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیوں میں مظلوم کشمیریوں اور دیگر مقبوضہ خطوں کے مسلمانوں کو فراموش نہ کیا جائے۔

نماز عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور مظلوم مسلمانوں کی مدد و استعانت کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عید سے ایک روز قبل بہاولپور میں رونما ہونے والے آئل ٹینکر حادثے نے پوری قوم کو افسردہ کردیا ہے۔ پاکستان میں قیام استحکام، حادثات و سانحات سے نجات اور امت مسلمہ کی مدد کے لیے ہروقت دعائیں کی جائیں۔ مزمل اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ انڈیا مظالم کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک کچل نہیں سکتا۔ کشمیری ہر صورت منزل تک پہنچ کر رہیں گے، ان شاء اللہ۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزاد فضائوں میں عید کی خوشیاں منا رہے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :