پاکستان کے مثبت امیج کیلئے عالمی سطح کے مقابلوں میں شرکت ناگزیر ہے ، گورنر سندھ

کھیل قوموںکی پہچان ہوتے ہیں،کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے ہی عالمی سطح کے کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں،محمد زبیر سنوکر کے قومی چمپئن محمد سجاد اور رنر اپ اسجد اقبال سے ملاقات ، کھلاڑیوں کو با لترتیب 3 اور 2لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ دیئے

اتوار 25 جون 2017 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت امیج کے لئے عالمی سطح کے مقابلوں میں شرکت کرنا نا گزیر ہے، کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے ہی عالمی سطح کے کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں ، اسنوکر ااور بلیئرڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اس کھیل کے با صلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں اسنوکر کے قومی چیمپئن محمد سجاد اور رنر اپ اسجد اقبال سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے دونوں کھلاڑی کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے انھیں کیش ایوارڈ ز بھی دیئے جس میں قومی چیمپئن محمد سجاد کو 3 لاکھ روپے اور رنر اپ اسجد اقبال کو 2 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ شامل تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اسنوکر ایک انڈور کھیل ہے جس کا فروغ بہت ضروری ہے ، کھیلوں کے ذریعہ نوجوان کو مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جا سکتا ہے ، اس کھیل کو جامعات میں بھی فروغ دیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس کھیل کی طرف راغب ہوں اور عالمی معیار کے اچھے کھلاڑیوں کی تیاری میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل قوموں کی پہچان ہوتے ہیں ، کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں سے معاشرہ کا مثبت تاثر قائم ہو تا ہے ،اور کھیلوں میں شرکت سے نوجوانوں تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کی تعمیر کرنا ہم سب کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے ، وفاقی حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی میں شامل کرنے کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ بھی دیا جا رہا ہے ۔اس موقع پر اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :