رمضان کی برکت بھری ساعتوں کے اختتام پر عید کا تہوار تمام پاکستانیوں کیلئے مسرت و شادمانی کا باعث ہے، محمد زبیر

روایتی حریف بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرانے سے عید کا لطف دوبالا ہوگیا ہے،پاکستان کی تعمیر کا جو خواب بابائے قوم نے دیکھا اسے پورا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، گورنر سندھ کا عیدالفطر کے موقع پر پیغام

اتوار 25 جون 2017 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی برکت بھری ساعتوں کے اختتام پر عید کا یہ تہوار تمام پاکستانیوں کے لئے مسرت و شادمانی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں ہرانے سے اس عید کا لطف دوبالا ہوگیا ہے۔

ملک کے ہر ہر کونے میں ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا جارہا ہے اور پوری قوم مسرت کا یہ موقع فراہم کرنے پر سرفراز الیون کی مشکور ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر مستحق اور نادار افراد کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی اصل عید ہے۔ وسائل نہ رکھنے والے افراد کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھیرنے سے عید کے لطف کو دوبالا کیا جاسکتا ہے۔ آئیے آج اس بات کا عہد کریں کہ رمضان المبارک میں جس طرح ہم سب نے اپنے رب کے حضور عبادات کا نذرانہ پیش کیا اسے جاری رکھیں گے کیونکہ یہی رمضان المبارک کا پیغام ہے۔

گورنر سندھ کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کا جو خواب بابائے قوم نے دیکھا تھا اسے پورا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آج کے دن ہمیں عزم کرنا ہے کہ وہ رویے اپنائیں کہ ہر آنے والا ماہ و سال صوبے اور وطن عزیز کے لئے خوش حالی کا پیغام لائے ۔