ضلعی سطح پر ٹیکسیشن آفس کا قیام ایک نیا تجربہ ہے، ڈاکٹر محمد ارشاد

اتوار 25 جون 2017 18:40

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر آگے بڑھنا نا ممکن ہے اس سلسلے میں حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرنا ہو گا، ضلعی سطح پر ٹیکسیشن آفس کا قیام ایک نیا تجربہ ہے جس کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ان کے گھر کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندہ کی جائز شکایت پر جہاں بھی ایف بی آر کا کوئی ملازم ٹیکس دہندہ کو تنگ کرے گا تو وہ نوکری سے فارغ ہو جائے گا ٹیکس دہندگان کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ٹیکس کی ادائیگی سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے اور عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ، ٹیکس کی ادائیگی کسی قوم کیلئے خون کی فراہمی سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے آفس میں ڈسٹرکٹ ٹیکسیشن آفس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف کمشنر ایف بی آر تنویر اختر ملک ، ڈسٹرکٹ ٹیکسیشن آفیسر صبا رحمت ، اسسٹنٹ کمشنر عثمان رشید کے علاوہ صدر انجمن تاجران راشد الرحمن ،صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اٹک ڈاکٹر اسلم مروت سیکرٹری جنرل پی ایم اے ڈاکٹر سید سجاد نقوی کے علاوہ اٹک کی معروف کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ ٹیکس آپ پر کوئی جرمانہ نہیں بلکہ یہ ملک کی ترقی کیلئے اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ ایک ڈاکٹر کو مریض کی جان بچانے کیلئے خون کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ ہم ٹیکس دینے والوں سے ٹیکس لے کر ملک اور قوم کو خون فراہم کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر ارشاد نے کہا کہ ایف بی آر جلد ہی سارک ممالک اور آسیان ممالک کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرے گا، چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ یہ ایک اچھا شگون ہے کہ ضلع اٹک میں شروع ہی سے ٹیکس دینے کا کلچر موجود ہے گزشتہ دو سالوں میں اٹک کی ٹیکس ادائیگی میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایف بی آر ضلعی سطح پر دفتر کے قیام کا سلسلہ ضلع اٹک سے شروع کر رہا ہے انہوں نے امید ظاہر کی ڈسٹرکٹ ٹیکسیشن آفیسر صبا رحمت نے بہتر کام کیا اور آئندہ بھی اس کام میں مزید بہتری لائیں گی۔

متعلقہ عنوان :