پاکستانی نوجوان با صلاحیت اور اعلیٰ درجہ کی ذہانت کے حامل ہیں، گورنر سندھ

اتوار 25 جون 2017 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت اور اعلیٰ درجہ کی ذہانت کے حامل ہیں ضرورت ان نوجوانوں کو قومی ترقی میں شامل کرنے اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفاد ہ حاصل کرنے کی ہے ، با صلاحیت نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی اثاثہ ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ انس ، دانیال ، یاسر اور افنان احمد سے ملاقات میں کیا۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ نے ماحولیات کا ایک ایسا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت سمندر کی لہروں سے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔ گورنر سندھ نے ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں گورنر ہائوس میں مدعو کیا اور ان کی صلاحیت کے اعتراف میں انہیں کیش ایوارڈ ز بھی دیئے گئے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جامعات کسی بھی معاشرہ کی ترقی کو جانچنے کا پیمانہ ہوتی ہے قومی ترقی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل اہم کردار ادا کررہے ہیں اس ضمن میں یونیورسٹی کے تجربہ کاراور ماہر اساتذہ طلبہ کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں معاون ثابت ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ، وفاقی حکومت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفاد ہ حاصل کرنے کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے ، وزیر اعظم پاکستان اسکیم کے تحت جامعات میں پوزیشن ہولڈرز میں لیپ ٹاپ کی تقسیم سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفاد ہ حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے ، مثبت نتائج کے حصول کے بعد وزیر اعظم پاکستان نے اس کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا ہے اب دوسرے سیمسٹر میں داخل ہونے والے تمام طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور فائدہ اٹھاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیکر ہی ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارا جا سکتا ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کے اقدامات اہم ثابت ہو رہے ہیں ۔گورنر سندھ نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے طلبہ کے تیا ر کئے جانے والے ماڈل کے کاپی رائٹ میں وہ بھرپور تعاون فراہم کرینگے اور ایسے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی جو تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔

متعلقہ عنوان :