کوئٹہ ، عید کی خریداری کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ، بازاروں میں،جیب کتروں نے متعدد افراد کو موبائل فونزاور نقدی سے محروم کردیا

اتوار 25 جون 2017 17:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کے روز بھی روزداروں کی جانب سے عید کی خریداری کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری رہا ،رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف جیب کتروں نے متعدد افراد کو موبائل فونزاور نقدی سے محروم کیا بلکہ کئی خریدے گئے سامان کے تھیلوں سے بھی محروم ہوگئے ،دکانداروں نے بھی زبردست رش کا فائدہ اٹھایا اور مختلف اشیاء خوردونوش ودیگر کی من مانی قیمتیں وصول کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں عید کی خریداری کرنے والے افراد کی شہر بھر کے چھوٹے بڑے تجارتی مراکز میں زبردست رش دیکھنے کو ملا لوگ اور خاص کر سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ خریداری کرتے ہوئے دکھائی دئیے ،مارکیٹوں میں جم غفیر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نو سربازوں نے متعدد افراد کے نہ صرف جیب کتر ڈالے بلکہ انہیں موبائل فونز ،نقدی اور حتیٰ کے سامان کے تھیلوں سے بھی محروم کردیا ،سخت گرمی کے باعث پسنے میں شرابور روزہ دار دکانداروں کے بھی رحم وکرم پر رہے جنہوں نے ان سے ریڈی میڈکپڑوں ،جوتوں ،ٹوپیوں ،واسکٹوں سمیت اشیاء خوردونوش کے من مانے قیمت وصول کئے جبکہ گوشت اور سبزی جات کے نرخ بڑھادئیے گئے بڑا گوشت بغیر ہڈی 460جبکہ چھوٹا گوشت 750روپے تک فروخت ہوتا رہا بلکہ مٹھائیوں ،سوئیاں اوردیگر کی قیمتوں کو بھی آگ لگ گئی تاہم مجبور لوگ اہل خانہ کی فرمائش اور ضروریات پوری کرنے کیلئے دکانداروں کی جانب سے طلب کئے گئے ریٹس دیتے رہے جبکہ کئی ایسے تھے جو اپنے لسٹ کے مطابق اس لئے پوری خریداری نہیں کرسکے کہ ان کے پاس رقم ہی باقی نہیں رہی ،تاہم شہر میں خریداروں کی تعداد رات گئے تک برقراررہی ۔

متعلقہ عنوان :