عیدکا دن تمام مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کے دوران عبادت کے صلے میں اللہ تعالیٰ کاانعام ہے،ہمیں اپنی خوشیوں میںیتیموں ، ناداروں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کو نہیں بھولنا چاہئے

گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی کی عید الفطر پر پوری قوم کو مبارکباد اور کوئٹہ ،پارہ چنار اور کراچی میں ہونیوالی دہشت گردی سے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی و یک جہتی کا اظہار

اتوار 25 جون 2017 17:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ عیدکا دن تمام مسلمانوں کیلئے ماہ رمضان کے دوران عبادت، ریاضت، اطاعت شعاری اور روزوں کی مشقت برداشت کرنے کے صلے میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے انعام کا دن ہے اور اپنی خوشیوں کے اظہار کا موقع بھی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں یتیموں ، ناداروں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کو نہیں بھولنا چاہئے جو ہماری مدد اور توجہ کے مستحق ہیں،اس موقع پر ایسے لوگوں کا خیال رکھنا اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ عین عبادت بھی ہے۔

گورنر نے عید سے قبل کوئٹہ ، پارہ چنار اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر پوری قوم ان کے غم میں برابر کے شریک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بہاولپور کے واقعہ پر بھی جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل یک جہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ثابت کریں گے کہ ہم ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں ۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد کی نعمت سے نوازے ، ہماری ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہو اور نہ صرف ہمارے ملک بلکہ سارے عالم اسلام کا دنیا میں بول بالا ہو۔

متعلقہ عنوان :