آزاد اور باوقار قوم کی حیثیت سے جو خوشیاں ہمارا حق تھیںجو ہم سے چھین لی گئی، سراج الحق

اتوار 25 جون 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے قوم کو عید الفطر کے مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید خوشیاں بانٹنے کا دن ہے ،حقیقی خوشی ہمیشہ اسے نصیب ہوتی ہے جو اس خوشی میں دوسروں کو شامل کرتا ہے ،خاص طور پر معاشرے کے پسے ہوئے اور دکھوں ، پریشانیوں اور مصیبتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسانوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرتا ہے ،ہمارے معاشرے میں غربت ،افلاس ،مجبوریوں ،محرومیوں اور ناامیدی نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،ہر طرف ایک بے بسی اور بے حسی اور بدامنی کا منظر ہے ۔

آج ہم عید ایسے وقت میں منا رہے ہیں کہ جب ملک میں مسلسل بم دھماکے ہو رہے ہیں۔ بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں ۔ سڑک کے المناک حادثات میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی افراتفری ہے ۔ پڑوسی ممالک نے ہم پر چڑھائی کر رکھی ہے۔ان واقعات نے پوری قوم کو دکھی اور رنجیدہ کردیاہے۔ آزاد اور باوقار قوم کی حیثیت سے جو خوشیاں ہمارا حق تھیں و ہ ہم سے چھین لی گئی ہیں جس کے اصل مجرم عالم اسلام کے نااہل اور غلامانہ ذہنیت رکھنے والے حکمران ہیں ۔

سراج الحق نے اپنے پیغام میںکہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم ایک بار پھر تحریک پاکستان کا جذبہ لے کر اٹھے اور اپنی کھوئی ہوئی منزل کو حاصل کرنے کیلئے تن من دھن کی بازی لگا دے تاکہ اپنی آئندہ نسلوں کو وہ پاکستان دے سکے جس کا خواب ہمارے آبائو اجداد نے دیکھا تھا ۔میں انشاء اللہ عید سعیدکے بعد قوم کا ایجنڈا لیکر ملک میں ہر جگہ پہنچوں گا ۔مجھے امید ہے کہ آپ پاکستان کو اس کی منزل سے ہمکنا ر کرنے کیلئے ہمارا ساتھ دیں گے

متعلقہ عنوان :