عید الفطر دینی فریضہ خوشی کے حوالے سے حکومت کا کردار مجرمانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے،لیاقت بلوچ

اتوار 25 جون 2017 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) قائم مقام امیرجماعت اسلامی اور سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے سمن آباد میں سماجی رہنما ڈاکٹر عمران مقبول بیگ کی رہائش گاہ پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ رمضان کے آغاز اور عید الفطر پر اختلافات کی بنیاد پر عوام میں تقسیم بڑی بدنمائی ہے ۔ ماہ رمضان کی برکات ، رحمتوں ، شب قدر کی عبادات کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مذاق بنادیاہے ۔

اہم ترین دینی فریضہ اور خوشی کے حوالے سے حکومت کا کردار مجرمانہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے ۔ عوام کو اخلاص اور نیک نیتی کا اجر ملے گا ۔ ذمہ دار طبقات ضرور اللہ کی گرفت میں آئیں گے ۔ جماعت اسلامی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ ملت اسلامیہ کے لیے عید الفطر کی خوشیاں دائمی بنادئے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان کے آغاز پر ہی مڈل ایسٹ اسلامی ممالک میں چپقلش ، سفارتی تعلقات میں تلخی نے پوری امت کو پریشان کیا اور ماہ رمضان کے اختتام پر وفاقی اور صوبائی حکومت کی کمزور ی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے عید پر قوم کو تقسیم کر دیا گیا ہے ۔

جدید ترین سائنسی دور میں محض مسلکی اختلاف کی بنیاد پر دینی فریضہ سے بدمعاملگی باعث رسوائی ہے ۔ جید علمائے کرام ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر مستقل بنیادوں پر رویت ہلال کا مسئلہ حل کریں اور جگ ہنسائی بند کی جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پانامہ لیکس پر جے آئی ٹی کی تحقیقات اور سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی اہمیت رکھتاہے ۔ اللہ کی نعمتوں اور وسائل سے مالا مال ملک کو کرپشن اور کرپٹ مافیا نے رسوا کیا ہے اب کڑے احتساب کا وقت آگیاہے ۔ مستقبل میں نظریاتی ، اقتصادی اور انتخابی کرپشن سے نجات کی راہیں کھلیں گی ۔

متعلقہ عنوان :