احمد پور شرقیہ، بہاولپور کے قریب نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، 100 سے زائد افراد جاں بحق و زخمی

اتوار 25 جون 2017 17:20

بہاولپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) بہاولپور احمد پور شرقیہ کے علاقہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر وہ دھماکے سے پھٹ گیا اور 100 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بہاولپور احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے متعددافراد جاں بحق اور درجنوں جھلس گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر پھٹنے کا واقعہ قومی شاہراہ پر پل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے الٹنے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے۔ اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں 100افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان کی شناخت کے بغیر ڈی این اے ممکن نہیں۔زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال سمیت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیاجہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے متعدد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 100کے قریب افراد کو مقابی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :