(یہ آئٹم عیدالفطر کی صبح سے قبل شائع، نشر یا ٹیلی کاسٹ نہ کیا جائے۔ شکریہ)

پاکستان پیپلز پارٹی پالیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد

اتوار 25 جون 2017 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2017ء) سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پالیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے کے بعد بھی اس مہینے کی روح کے مطابق عمل کرتے رہیں اور برداشت اور خاکساری اور عجز کا جذبہ قائم رکھتے ہوئے غیر اخلاقی اور غلط خیالات ، تقریر اور کاموں سے احتراز کرتے رہیں۔

اس دور کی برائیاں عدم برداشت اور انتہا پسندی ہیں جس میں دوسروں پر اپنے خاص مذہبی رجحانات، اقدار اور تشریح کو زبردستی تھوپنا شامل ہیں۔ اس رجحان کے خلاف ہمیں لڑنا ہے اور اقدار کے خود ساختہ ٹھیکیداروں اور مذہب کی اپنی تشریح کرنے والے عناصر کو انکار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہا کہ آج کے دن ہم مسلمانوں کو اس بات پر سنجیدگی سے سوچنا ہے کہ ہمارے اتحاد کے لئے ہمیں کیا چیلینجز درپیش ہیں۔

مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہو کر خود کو خطرناک صورتحال سے نکالنے کے لئے ملکر کام کریں۔ آج اس موقع پر ہمیں غریبوں اور ضرورت مندوں کو یاد رکھنا چاہیے اور ان لوگوںکو بھی یاد رکھنا چاہیے جنھوں نے اس ملک میں امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنی جان مذہبی بنیاد پرستی کے خلاف لڑتے ہوئے قربان کی۔