مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم، نوجوانوں کی شہادتوں کے باعث عید کی خوشیاں پہلے ادھوری تھیںاب کوئٹہ ، پاراچنار ، کراچی اور احمد پور شرقیہ کے واقعات نے دل اور غمگین کر دئیے ہیں،سردار مسعود خان

صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں،کہیں اپنوں کی حماقتوں ،کہیں دشمن کی سازشوں کے باعث خون مسلم بہہ رہا ہے ، اللہ ہماری خامیوں اور کوتاہیوں کو معاف کرے ، صدر آزاد کشمیرکی مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد

اتوار 25 جون 2017 16:20

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے عید الفطر کے موقع پر اپنی ، حکومت آزاد کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے لوگوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام عید میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج کی طرف سے ہمارے نوجوانوں کو شہید کرنے اور ظلم و ستم کی وجہ سے ہماری عید کی خوشیاں پہلے ہی ادھوری تھیں ۔

لیکن کوئٹہ ، پاراچنار ، کراچی اور اب احمد پور شرقیہ کے واقعات نے دل غمگین کر دئیے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں ۔کہیں اپنوں کی حماقتوں اور کہیں دشمن کی سازشوں کے باعث خون مسلم بہہ رہا ہے۔

(جاری ہے)

خدا ہماری خامیوں اور کوتاہیوں کو معاف کرے اور امت مسلمہ کو امن ترقی اور خوشحالی نصیب ہو۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم نے آزاد فضا میں رمضان المبارک میں روزے رکھی۔ عبادات کیں اور سحر و افطار کی لذتوں و برکتوں سے لطف اندوز ہوئے۔ لیکن مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں پر رمضان کا مہینہ بہت بھاری گزرا ۔ بئیسوں نوجوانوں کو قابض فوج جعلی مقابلوںمیں شہید کر دیا۔ کشمیری مسلمانوں کو روزے بھی سکون سے نہیں رکھنے دئیے گے۔ ان کے لیے یہ مہینہ خونیں مہینہ بنا دیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم عید کی حقیقی خوشیاں اس دن منائیں گے جب مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائی بھی آزاد ہوں گے۔ اور کشمیری قوم کو حق خود ارادیت ملے گا۔