عوام کا رمضان بازاروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار وزیر اعلیٰ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے ‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

چھوٹے یابڑے کسی دکاندار کو ہرگز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائیگی،روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی منافع خوروں کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے اعدادوشمار میڈیا کو جاری کئے جائینگے ‘ میاں عثمان کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 25 جون 2017 16:20

․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ عوام کا رمضان بازاروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کی عکاسی کرتا ہے ،حکومتی اداروں کے متحرک ہونے سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف ملا جو حکومت کی گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے ، چھوٹے یابڑے کسی بھی دکاندار کو ہرگز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انکے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میاںعثمان نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں مجموعی طو رپر صورتحال اطمینان بخش رہی اورعوام کی طرف سے صوبہ بھر میں2 کروڑ کلو گرام سے زائد اشیائے خوردونوش کی خریداری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا گیا اور عوام کی طرف سے اطمینان کا اظہار ہمارے لئے فخر کا باعث ہے ۔

دوروں کے دوران اکا دُکا شکایات ضروری موصول ہوئیں جنہیں موقع پر ہی حل کرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں منافع خوری کی شکایات پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں اور منافع خوری کے مرتکب دکانداروں کو نہ صرف جرمانے بلکہ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج اور جیل بھی بھجوایاگیا ۔ بلا امتیاز کارروائیوں کے تحت بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو بھی لاکھوںروپے کے جرمانے کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان المبار کے بعد بھی کارروائیاں جاری رہیں گی۔میاں عثمان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ رمضان المبارک میں منافع خوروں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے اعدادوشمار مرتب کئے جارہے ہیںجنہیں عید الفطر کے بعد میڈیا کو جاری کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :