چکوال، 2018انتخابات کا سال ہے حکومت نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے،ملک تنویر اسلم

کئی ہزار میگا واٹ2018سے قبل شامل ہوگی،صوبائی وزیر تعمیرات

اتوار 25 جون 2017 16:00

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) صوبائی وزیر تعمیرات ملک تنویر اسلم سیتھی نے کہا ہے کہ 2018انتخابات کا سال ہے اور حکومت نے اس عرصہ سے قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور اس وقت کئی ہزار میگا واٹ بجلی تیار ہوکر سسٹم میں آچکی ہے جبکہ کئی ہزار میگا واٹ2018سے قبل شامل ہوگی۔ صنعتوں میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے۔

وہ منیر پبلک سکول اینڈ کالج کے پرنسپل سید منیر حیدر شاہ کی طرف سے دیے جانے والے افطار ڈنر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ افطار ڈنر میں چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد، چیئرمین یونین کونسل ڈوہمن ملک ظفر اقبال، چیئرمین یونین کونسل چوآگنج علی شاہ، راجہ اشفاق احمد، صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری امجد حسن علی، سابق صدر بار خواجہ اصغر فاروق، سابق یونین ناظم راجہ خضر اقبال، کونسلر عابد منہاس، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ناصر اعوان، معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر عابد کیانی، ڈاکٹر لقمان شوکت، چوہدری مہتاب احمد، ای ٹی او امجد علی، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود( تمغہ امتیاز)، سیکرٹری جنرل محمد خان عاقل، سینئر صحافی شفقت یزدانی، ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر آفتاب احمد، چیئرمین یونین کونسل کریالہ چوہدری عرفان حیدر اور چیدہ چیدہ عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی محنت اور جدوجہد کے نتیجہ میں قوم نے روشنیوں کی طرف سفر شروع کر دیا ہے اور سی پیک منصوبے کا بھی آغاز ہوچکا ہے اور سی پیک منصوبے سے پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔ آخر میں پرنسپل سید منیر حیدر شاہ نے ملک کی سلامتی اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :