لاہور چیمبر کا سانحہ بہاولپور پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار

اتوار 25 جون 2017 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط ,سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور قائم مقام صدر محمد ناصر حمید خان نے سانحہ بہاولپور پر انتہائی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعذیتی بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس بدترین قومی سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جتنا بھی افسوس کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ سانحہ انسانی غلطی سے پیش آیا جس کی ذمہ داری کسی ادارے پر عائد نہیں کی جاسکتی مگر پھر بھی تمام وجوہات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے تاکہ ایسے سانحات سے حتی المقدور حد تک بچا جاسکے۔ عبدالباسط۔ امجد علی جاوا اور محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ یہ المیہ صرف جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کا نہیں بلکہ ساری قوم ان کے رنج و غم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس قومی سانحہ کے پیش نظر عید جس حد تک بھی ممکن ہو سادگی سے مناکر جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کریں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے اس سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے صبر کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاوپور کے ہسپتالوں میں برن یونٹ نہ ہونا تشویشناک ہے۔ اب ضروری ہے کہ حکومت ہسپتالوں میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ کسی آفت کی صورت میں قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :