وزیر اعظم نواز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے ،میاں یاور زمان

حکومت مخالف لوگ ترقی کے راستے کی دیوار بن کر ملک کا چلتا پہیہ جام کرنے کے در پے ہیں، وزیر جنگلات پنجاب

اتوار 25 جون 2017 15:20

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و صوبائی وزیر جنگلات میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے جبکہ حکومت مخالف لوگ ترقی کے راستے کی دیوار بن کر ملک کا چلتا پہیہ جام کرنے کے در پے ہیںاور الزام تراشی کی حدیں عبور کرتے جا رہے ہیں۔

حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، 2018ء کے انتخابات میں بھی عوامی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کامیاب ہو گی۔ان خیالات کا اظہار وہ اوکاڑہ پریس کلب کے صدر شیخ شہباز شاہین کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر کی بڑی تقریب سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ، ممبر پاکستان بار کونسل محمد شفیق بھنڈارہ، ممبر پنجاب بار کونسل اختر حسین بھٹی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اوکاڑہ سید زاہد عباس بخاری، وائس چیئرمین بلدیہ اوکاڑہ شیخ لیاقت علی، صدر سبزی منڈی چوہدری اشرف، معروف سماجی شخصیت جاوید شیر لودھی سمیت تاجروں، صحافیوں، وکلاء اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جنگلات نے کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست میں جس کلچر کو متعارف کروایا ہے اس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کردیا ہے اور انشاء اللہ وہ سرخرو ہونگے۔ آنیوالے دنوں میں عمران خان قوم سے معافی مانگنے پر مجبور ہو جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ نے کہا کہ حکومت مخالف نیا سیاسی اتحاد بنانے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا، وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں بڑے آبی ذخائر دیا میر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ویژن پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی ہے جو مخالفین کو برداشت نہیںہو رہا، پاکستانی قوم نے دھرنا سیاست کو مسترد کردیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، معیار اور رفتار کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیںآئندہ الیکشن میں کارکردگی اور شفافیت کی جیت ہوگی، پاکستان کے 20 کروڑ عوام مخالفین کی سازشیں ناکام بنا دیں گے۔

متعلقہ عنوان :