چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین میاں عبدالغفور حیدری کا سینیٹر آغاشہباز خان درانی کے انتقال پر اظہار تعزیت

اتوار 25 جون 2017 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) بلوچستان کے سینیٹر اور قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کے چیئرمین سینیٹر آغا شہباز خان درانی اتوار کی صبح اپنے آبائی علاقہ خضدار میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے ۔ اُن کی عمر 41برس تھی ۔مرحوم سینیٹر آغا شہباز خان درانی چیئرمین ضلع کونسل خضدار آغا شکیل درانی کے بھائی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ خان زہری کے برادر نسبتی تھے ۔

اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے سینیٹر آغا شہباز خان درانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اسے بہت بڑا نقصان قرار دیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے اللہ تعالیٰ سے دُعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی ہمت و توفیق عطا فرمائے ۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آغا شہباز خان درانی نے جہاں ایوان بالا میں قانون سازی میں موثر کردار ادا کیا وہاں اُنہوں نے پسے ہوئے طبقات کے حقوق اور خاص طورپر بلوچستان کے مسائل اور محرومیوں کے لیے آواز بلند کی ۔ میاں رضا ربانی نے کہاکہ مرحوم سینیٹر آغا شہباز خان درانی ایک ملنسار انسان تھے اور اپنے اخلاق اور خوش خلقی کے باعث حلقہ احباب میں کافی مقبول تھے ۔

چیئرمین سینٹ و ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے مرحوم سینیٹر آغا شہباز خان درانی کی جمہوریت اور ایوان بالا کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے بھی سینیٹر آغا شہباز خان درانی کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔ اُنہوںنے مرحوم کی سیاسی کاوشوں ، ملک میں جمہوریت کی بالا دستی اور بلوچستان کے لیے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا ۔

اُنہوںنے اللہ تعالیٰ سے دُعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق عطا فرمائے ۔سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے بھی سینیٹر آغا شہباز خان درانی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے دُعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی ۔

متعلقہ عنوان :