امریکی صدر اور برطانوی وزیر اعظم کی تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد

میں اور میری اہلیہ ملانیا تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں،امریکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم مسلمانوں کی طرح اپنے ملک میں مقیم مسلمانوں کو بھی ان اقدار کے مطابق زندہ رہنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے مسلمانوں نے ملک کیلئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے، برطانیہ کھلی، کثیر النسلی اور کثیر العتقاد جمہوریت کا مالک ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے،تھریسا مے

اتوار 25 جون 2017 15:10

امریکی صدر اور برطانوی وزیر اعظم کی تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد
واشنگٹن/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی عوام کی طرف سے میں اور میری اہلیہ ملانیا تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ عید ہمیں عفو و درگزر، مرحمت اور نیک نیتی کی یاد دہانی کرواتی ہے۔ امریکہ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم مسلمانوں کی طرح امریکہ میں مقیم مسلمانوں کو بھی ان اقدار کے مطابق زندہ رہنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مے نے بھی برطانیہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

عید الفطر کی مناسبت سے شائع کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے مسلمانوں نے ملک کے لئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کھلی، کثیر النسلی اور کثیر العتقاد جمہوریت کا مالک ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے۔تھریسا مے نے کہا کہ گذشتہ مہینے رمضان کی مناسبت سے برطانیہ کے مسلمانوں نے مقامی لوگوں کی ساتھ امداد باہمی، اخوت، بھائی چارے اور اپنی خوشیوں میں ہمسائیوں کو بھی شامل کرنے جیسی خوبصورت اقدار کا تبادلہ کیا۔