عید الفطر کا دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ہمیں بھارتی افواج کے بدترین مظالم کا شکار بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے، کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں تحریک آزادی کشمیر کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،سردار مسعود خان

بھارتی حکمرانوں کو جلد حقائق تسلیم ، اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کرنا پڑیگا، یقین ہے،ریاست کا پاکستان کیساتھ جو تمدنی جغرافیائی ، اقتصادی ،روحانی تعلق ہے اسے شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا،راجہ فاروق حیدر عیدالفطر کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت وتعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے،مشتاق احمد منہاس صدر، وزیراعظم اور وزیر اطلاعات آزادکشمیر کے عیدالفطر کے موقع پیغامات

اتوار 25 جون 2017 14:30

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) صدر آزادجموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان،وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں دوسروں میں اس طرح تقسیم کریں کہ پورا معاشرہ مسرور و مطمئن ہو۔

عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،یہ دن اپنے اندر ہمدردی ،ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔اس دن پوری ملت اسلامیہ کے لیے اور باالخصوص کشمیر کی آزادی ،ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاکرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی وفرقہ پرسی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن، ترقی وخوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے انہیں آزادی کی نعمت سے مالا مال فرمائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بزرگوں ، بھائیوں اور احباب کے ساتھ یہ دن منا سکے ۔ آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر کے ان بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو بھارتی افواج کے بدترین مظالم کا شکار ہیں ۔

کشمیری عوام نے تحریک حریت کشمیر میں جو عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ، تاریخ حاضر ان کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے ۔ ظلم و جبر کا کوئی ہتھکنڈہ ایسا نہیں جو بھارت نے بے سرو سامان اور بے گناہ کشمیری عوام پر آزمایا نہ ہو ۔کشمیری حریت پسندوں کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو ساری دنیا پر اس طرح اجاگر کر دیا کہ اب دنیا کے ہر خطے سے یہ آواز بلند ہو رہی ہے کہ کشمیری عوام کو اندھی طاقت کے بل بوتے پر غلام نہ رکھا جائے اور انہیں ان کا حق خودارادیت اور آزادی دی جائے جس کیلئے وہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میںپوری قوم کو یقین دلاتاہوں کہ ہمارا ہر قدم تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اٹھ رہا ہے ۔ عید الفطر کے اس موقع پر میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ہماری حقیقی اور سچی عید اس وقت ہو گی جب ساری ریاست بھارت کے استعماری تسلط سے آزاد ہو گی اور اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا۔

انشااللہ اس مبارک موقع پر میری دعا ہے کہ خدائے عزوجل وہ دن جلد لائیں اور ہمارے خوابوں کی تکمیل ہو ۔ میں خوشی کے اس موقع پر اپنے ہموطنوں سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں گے ۔وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس مبارک موقع پر مجھے اپنے وہ بہن بھائی شدت سے یا د آرہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کو حاصل کرنے کیلئے اپنی جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔

ان کی جد و جہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا ۔بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کرنا پڑے گا ۔ہمیں یقین محکم ہے کہ ہمارے درمیان حائل دیواریں پاش پاش ہوں گی ۔ اور ہمارے بھائیوں کے غلامی کے بندھن ٹوٹ گریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی ۔

ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو تمدنی جغرافیائی ، اقتصادی اور روحانی تعلق ہے اسے کسی شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا۔وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیرکی سیاسی اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ہمارے لیے وہ دن صحیح معنوں روز عید ہو گا جب مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بچھڑے ہوئے مجبور بہن بھائی ہمارے ساتھ آ ملیں گے۔

وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ عیدالفطر کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت وتعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے۔آج کے اس مبارک موقع پر ہر شخص کو یہ اہتمام کرنا چاہیے کہ نادار اور مستحقین کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔انہوںنے کہا کہ یہ دن ہمیں اس طرح منانا چاہیے کہ اس کے ذریعے ہمارے درمیان باہمی محبت وایثار پر مبنی تعلقات میں اضافہ ہو کیونکہ سچی عید وہی ہے جو ساری انسانیت کے لیے خوشی کا باعث بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کی ان خوشیوں میں اپنے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے بھائیوں کو بھی شامل کرنا چاہیے جو بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد افواج کے خلاف اپنے بنیادی حق ،حق خوداردیت کے حصول کے لیے سینہ سپر ہیں۔میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اسلام کی ابدی وسچی تعلیمات پر عمل پیرا فرمائے اور ہمارے وطن کو امن وترقی کا مثالی گہوارہ بنائے اور ہمیں ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک فرمائے۔