چمپئنز ٹرافی کے فاتح سکواڈ کے اہم رکن اظہر علی لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ،ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال

فتح سب لڑکوں کی محنت کا نتیجہ ہے ،روایتی حریف کے خلاف کامیابی سے خوشی دوبالا ہو گئی‘ آمد پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 25 جون 2017 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء)چمپئنز ٹرافی کے فاتح سکواڈ کے اہم رکن اظہر علی لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ،لاہور ائیر پورٹ آمد پر شائقین کرکٹ ، اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔ تفصیلا ت کے مطابق چیمپئینز ٹرافی کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے اوپنر اظہر علی اتوار کی علی الصبح لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے چیمپئنز ٹرافی کی جیت کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد تمام کھلاری ٹائٹل جیتنے کے لئے پرامید تھے۔ چیمپئنز ٹرافی پورے پاکستان کی جیت ہے، ہمیں اپنی کامیابی کو بھرپور طریقے سے منانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر اظہر علی نے کہاہے کہ چیمپیئنزٹرافی میں فتح سب لڑکوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور روایتی حریف کے خلاف کامیابی سے خوشی دوبالا ہو گئی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کے ساتھ پہلے میچ میں شکست پر مایوسی ضرور تھی مگر ٹیم مینجمنٹ نے ٹیم کا مورال بلند کیا۔جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے پاکستان نے ردھم حاصل کیا اور اچھی کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنقید کے بعد دبا ہوتا ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھانی ہے۔