مسجد الحرام پر حملے کا ناپاک منصوبہ بیرون ملک بنایا گیا،سعودی عرب

ایسے حملوں کا مقصد سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ، اللہ تعالی اور عوام کی مدد سے ایسے مجرمانہ منصوبے ناکام بنائیں گے اور ملوث افراد کو گرفتار کرینگے،وزارت داخلہ

اتوار 25 جون 2017 14:20

مسجد الحرام پر حملے کا ناپاک منصوبہ بیرون ملک بنایا گیا،سعودی عرب
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام پر حملے کا ناپاک منصوبہ بیرون ملک بنا ، ایسے منصوبے بیرون ملک سے بنائے جا رہے ہیں جن کا مقصد سعودی عرب کی سکیورٹی اور سلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ، اللہ تعالی اور عوام کی مدد سے ایسے مجرمانہ نوعیت کے منصوبے ناکام بنائیں گے اور ملوث افراد کو گرفتار کرینگے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے ملوث گروپ کی شناخت ظاہر نہیں کی ، مسجد الحرام کے نواحی علاقے اجیاد کالونی میں خودکش دھماکے میں زخمی ہونیوالے چھ افراد غیر ملکی زائرین تھے جن میں سے 4 کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ دو شدید زخمی ہیں اور زیر علاج ہیں ۔ واقعہ کے بعد حرم شریف کے نواحی علاقوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہشتگرد جمع الوداع پر مسجد الحرام کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔

سعودی فورسز نے جمعہ کو علی الصبح کارروائی کرکے حملے کا ناپاک منصوبہ ناکام بنا دیا ۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے حملے کیلئے اجیاد کالونی کو چنا تھا کیونکہ یہ حرم کے نواح میں واقع ہے ۔ یہ حرم مکہ سے متصل تاریخی علاقہ ہے جسے انتہا پسند اپنے دہشت گرد منصوبے کے بیس کیمپ کے طور پر استعمال کرنا چاہتے تھے تاکہ وہاں سے حرم مکی کے کمپلیکس کو نشانہ بنایا جا سکے ۔

خودکش بمبار کا ٹھکانہ حرم مکی سے صرف 8 سو میٹر دور رہ گیا تھا ۔ اجیاد کالونی میں سال کے ان دنوں میں بہت زیادہ رش ہوتا ہے کیونکہ حرم کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ معتمرین اور حجاج کی من پسند جگہ سمجھی جاتی ہے ۔ یہاں بہت سے ہوٹل بھی ہیں جہاں زائرین قیام کرتے ہیں ۔ ادھر متحدہ عرب امارات اور ایران نے حملے کے منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔