دعا ہے عید کا دن تمام پاکستانیوں کیلئے بے شمار خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے‘عیدکی مبارک باد کا زیادہ مستحق وہ ہے جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ ماہ مبارک کے روزے رکھے،آخری عشرے کی طاق راتوں میں شبِ قدر کو تلاش کیااور اپنے رب کی طرف متوجہ ہونے کیلئے معتکف ہوا‘ عیدالفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے‘ یہ تمام عالمِ انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد نوا زشریف کا عید الفطرکے موقع پر پیغام

اتوار 25 جون 2017 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2017ء) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر میں تمام اہلِ اسلام خصوصاً اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں دعا گو ہوں کہ یہ دِن تمام پاکستانیوں کے لیے بے شمار خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔عیدکی مبارک باد کا زیادہ مستحق وہ ہے جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ اِس ماہِ مبارک کے روزے رکھے،آخری عشرے کی طاق راتوں میں شبِ قدر کو تلاش کیااور اپنے رب کی طرف متوجہ ہونے کے لیے معتکف ہوا۔

عیدالفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے۔ یہ تمام عالمِ انسانیت کے لیے محبت اور اخوت کا پیغام ہے۔ یہ دن اپنے اندر ہمدردی ، ایثار اور درد دِل سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا بھی دن ہے۔ عیدالفطرمسلمانوں کے لیے اجتماعی خوشی کا دِن ہے۔

(جاری ہے)

یہ ماہِ رمضان کاایک مبار ک دن تھا جب پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ رمضان المبارک ہمارے لیے تحریکِ آزادی کی خوشگوار یادوں سے منور ہوتا ہے۔

اِس لیے عیدالفطر کا دِن پاکستان کی ملتِ اسلامیہ کے لیے بطورِ خاص مسرت کے احساس کا حامل ہے۔پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ایک گل دستہ ہے۔ہم سب مذہبی تہوار یکساں احترام کے ساتھ مناتے ہیں -جس طرح پاکستانی مسلم اپنے غیر مسلم بھائیوں اور بہنو ں کے مذہبی تہواروں میں شریک ہوتے ہیں، اسی طرح غیر مسلم پاکستانی بھی عید کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

مجھے امید ہے کہ آج کے دن بھی بھائی چارے کا یہ جذبہ ہر بستی اور محلے میں دکھائی دے گا۔موجودہ حکومت کی یہ مخلصانہ کوشش ہے کہ وطن عزیزکو ترقی،امن و سلامتی اور خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جہاں ہر فرد کو برابری کی بنیاد پرمعاشی ترقی کے مواقع دستیاب ہوں۔لوگوں کے فن اور علم کی قدر ہو اور کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی نہ ہو۔ یہ سب تب ہی ممکن ہے جب پاکستان میں استحکام ہو۔

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کا خواب شر مندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ہم نے ا ن عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کومسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں۔ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔جمعة الوداع کے مبارک دن، جس طرح بے گناہ اور معصوم شہریوں کو لہو میں نہلایاگیا،اس نے ہماری عید کی خوشیوں کو ماند کرد یا ہے۔

پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں عام شہریوں سے لے کر سرکاری اہل کاروں تک، بے گناہ پاکستانی جس وحشت اور بربریت کا شکار ہوئے،اس پر پوری قوم افسردہ ہے۔ ہم سب متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری طرح شریک ہیں اوران کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرتے ہیں۔ مجھے پاکستانی قوم کی صلاحیتوں اور بصیرت پر پورا بھروسہ ہے۔مجھے یقین ہے کہ وہ حوصلے کے ساتھ ان صدموں کو سہہ سکتی ہے۔

دکھ کے ان لمحوں میں پوری قوم ،سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اوروطنِ عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی جدو جہد میں ان کی قربانیوں کی معترف ہے۔اپنے جوانوں کی ان قربانیوں کو انشااللہ رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ میں علما ء کرام سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ عید کے خطبات میں امن اور بھائی چارے کا درس دیں اور لوگوں کوان جرائم پیشہ افراد کی حقیقت بتائیں جو بر بریت کے لیے مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں۔

علما ء کرام عوام تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچائیں جو محبت اور مثبت اندازِ فکر سے عبارت ہے۔علما ء کرام عوام کو فرقہ واریت اور عدم برداشت پر مبنی رویے کے مضمرات سے آگاہ کریں۔ نیز انہیں تلقین کریں کہ وہ اس پر مسرت موقع پرضرورت مندوں ، محتاجوں، غربا اور مساکین کی مدد کر کے انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔اس پر مسرت موقع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا ہے جن کے دل اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

جو سنگینوں کے سائے میں عید منانے پر مجبور ہیں ، جنہیں رمضان المبارک میں کرفیو لگا کر عبادت کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا۔ہم ان کے حوصلے کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہوئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ایسے اسباب پیدا کرے کہ کشمیری بھی آزاد قوم کی طرح عید منا سکے۔مذہبی رسوم کی ادائیگی ہر انسان کا بنیادی حق ہے ا ورکشمیریوں کو اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کوبنیادی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ میں ایک بار پھر پوری قوم کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ، اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے ، پاکستان کو امن ، ترقی و خوشحالی سے ہمکنار فرمائے اور عید الفطر کے دِن کو پاکستان اور عالم اسلام کے لیے خوشی و مسرت کا دِن بنائے۔ آمین۔

متعلقہ عنوان :