سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے مسلمانوںکو عید الفطر کی مبارکباد

کشمیری صحیح معنوں میں عید کی خوشیوں اسوقت بنا ئیں گے جب وہ بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوجائیں گے ،حر یت رہنما

اتوار 25 جون 2017 14:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیرسمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد یتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری صحیح معنوں میں عید کی خوشیوں اور مستروں سے اسی وقت سرفراز ہونگے، جب وہ بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوجائیں گے ۔ میڈیارپو رٹ کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں کشمیریوں سے عید سادگی اور اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس پرمسرت موقع پر ہمیں ان یتیموں، بیواؤں اور عمر رسیدہ لوگوں کی ہر ممکن طریقے سے مدد اور دلجوئی کرنی چاہیے، جن کے عزیز واقارب اور لختِ جگر شہید کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر طرح کی فضولیات اور لغویات سے پرہیز کرنا چاہیے اور کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے، جو عید کے تقدس اور اسلامی شعائیر کے ساتھ مطابقت نہ رکھتا ہو۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے اُمِّتِ مسلمہ کی موجودہ صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان دنیا کے شاید ہی کسی حصے میں آج سکون اور چین کی زندگی گزاررہے ہیں، کہیں غیر اقوام ان کے ساتھ جبروزیادتیاں کررہے ہیں اور کہیں وہ خود خانہ جنگی میں مصروف ہوکر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہیں تاہم عید الفطر کا دن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے مسلکی، فروعی اور دوسرے بے معنیٰ تفرقوں کو بالائے طاق رکھ کر عہد کریں کہ ان ساری قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں گے جو مسلمانوں کے حقوق پر شب وخون مار رہی ہیں۔

دریں اثنا حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دراصل عید الفطر اپنے اندر ایک ایسا حیات آفرین پیغام رکھتی ہے جس سے عالم انسانیت کی بہار وابستہ ہے اور فی الحقیقت عید کے مبارکباد کے وہی لوگ مستحق ہیں جنہوں نے ماہ رمضان اور ماہ قرآن کا حق کما حقہ ادا کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بات کی جائے تو اس سال بھی وہ اس عزم اور یقین کے ساتھ یہ دن منا رہے ہیں کہ انکی عظیم اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں انشاء اللہ عنقریب رنگ لائیں گی اور وہ آزادی کی منزل ضرور حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے علاوہ فلسطین ، افغانستان، عراق، شام ، یمن اور دیگر علاقوں کے مسلمان اس وقت جن پر آشوب حالات سے دوچار ہیں اور جہاں نہتے اور معصوم عوام کا قتل عام تسلسل کے ساتھ جاری ہے، ،ہمیں عید سعید اس مرحلہ پر یہی پیغام دیتی ہے کہ امت مسلمہ اسلام مخالف اور باطل قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر سطح پر اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرے۔

میر واعظ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ صاحب ثروت کشمیری عید کے پر مسرت موقعہ پرمعاشرہ کے غریب ، پسماندہ اوربھارتی جبر وا ستبداد سے متاثرہ لوگوں کی ضرور یاد رکھیں گے۔