ْفلپائن،فوج کا جنگ زدہ شہر مراوی میں عیدالفطر کے موقع پر آٹھ گھنٹے کی سیز فائر کا اعلان

اتوار 25 جون 2017 14:11

منیلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2017ء) فلپائنی مسلح افواج نے جنگ زدہ شہر مراوی کے اسلامی شدت پسندوں کے زیر قبضہ علاقوں میں جاری لڑائی میں اتوار کے روز آٹھ گھنٹے کی سیز فائر کا اعلان کیا ہے تاکہ رہائشیوں کو عیدالفطر منانے کی اجازت دی جاسکے۔فوجی سربراہ ایڈورڈو آنو نے کہا کہ ان کی فورسز انسانی ہمدردی کی بنیادوںپر مراوی میں عیدالفطر کی تعطیل کے دوران سیز فائر پر عملدرآمد کریںگی،یہ اکثریتی کیتھولک فلپائن میں انتہائی اہم مسلم شہر تصور کیا جاتا ہے۔

آنو نے ایک بیان میں کہا کہ ہم شہر میں اپنے جاری آپریشنز کو روکنے کا اعلان کرتے ہیں جو کہ اسلامی عقیدے کے احترام کا اظہار ہے۔عیدالفطر ماہ رمضان کے روزے رکھنے کے بعد مہینے کے آخر میں منائی جاتی ہے،رمضان کے دوران مسلمان صبح صادق سے لیکر غروب آفتاب تک کھانے پینے سے گریز کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

فوجی جنرل نے اس اقدام کو فلپائن کی مسلح افواج کی جانب سے اپنے مسلمان بھائیوں کیلئے مضبوط عزم کے اظہار سے تعبیر کیا ہے تاکہ مراوی میں انہیں یہ تہوار منانے کا موقع مل سکے۔

سینکڑوں کی تعداد میں جنگجوؤں نے دولت اسلامیہ گروپ کے پرچم لہراتے ہوئے اور غیر ملکی جنگجوؤں کی حمایت سے گزشتہ ماہ جنوبی خطے منڈاناؤ میں مراوی کے ایک وسیع علاقے پر قبضہ کرلیا تھا،جس کے بعد سڑکوں پر خونریز لڑائی شروع ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :