جماعت اسلامی پنجاب کا بہاولپور آئل ٹینکر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا ، مجرمانہ غفلت برتنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے‘میاں مقصو د احمد

اتوار 25 جون 2017 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے بہاولپور میں آئل ٹینکر آتشزدگی میں 125افراد کی ہلاکت ہر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے ہوا۔ جگہ جگہ کیمرے لے کر بیٹھنے والے موٹر وے پولیس اہلکار کہاں تھے۔ انھوں نے کہ حکومت پنجاب المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرے اور مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کرنے والے افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں لوگ تیل بھرے میں مصروف تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں افراد لقمہ اجل اور زندگی بھر کے لیے معذور بن گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ پولیس بھی حادثے کی جگہ تاخیر سے پہنچی ۔ انھوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں حادثات رونما ہوتے ہیں اور سینکڑوں معصوم جانیں ان کی نذر ہوجاتی ہیںمگر ان کی روک تھام کے لیے کوئی واضح حکومتی اقدامات نہیںکیے جاتے۔

حکومت محض متاثرین کو چند روپے دے کر اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہوجاتے ہیں۔ جب تک عوام میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کے بارے میں شعور اجاگر اور تیز رفتاری کے نقصانات کا ٹھیک طرح ادراک نہیں پہنچایا جاتا ، تب تک المناک حادثات میں کمی نہیں ہوسکتی۔ میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ احمد پور شرقیہ بہاولپور کے مقام پر ہونے والے اس ہولنا ک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

جماعت اسلامی متاثرین کے غموں میں برابر کی شریک ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی بھر پور مالی امداد اور کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرے۔ واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ اس لیے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہسپتالوں میں برن یونٹس کی شدید کمی ہے۔ جھلس جانے کی صورت میں لوگوں کو سینکڑو ں میل کا سفر کرکے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ضلعی سطح پر برن یونٹس کے قیام کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں لوگوں کی قیمتی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :