بہاولپور میں تیل سے بھرا ٹینکر الٹ کر پھٹ گیا 135 افراد آگ میں جل کر ہلاک -100سے زیادہ جھلس کر زخمی ہوگئے-40زخمیوں کی حالت نازک‘ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے-حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 25 جون 2017 12:30

بہاولپور میں تیل سے بھرا ٹینکر الٹ کر پھٹ گیا 135 افراد آگ میں جل کر ہلاک ..
بہاولپور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 جون ۔2017ء) بہاولپور میں تیل سے بھرا ٹینکر الٹ کر پھٹ گیا جس سے 135 افراد آگ میں جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ 100سے زائد افراد جھلس گئے ہیں۔ حادثہ اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا۔ کراچی سے لاہور جانے والا یہ ٹینکر احمد پور شرقیہ سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر تیزرفتاری کے باعث پھسل کر سڑک سے نیچے کھیتوں میں جا گرا اور اس سے تیل رسنا شروع ہو گیا۔

حادثے کے بعد قریبی دیہات سے سینکڑوں افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے موقع پر جمع ہو گئے اور تیل جمع کرنے لگے۔ یہ افراد ٹینکر کے گرد جمع تھے کہ اچانک اس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ان سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے سے وہاں کھڑی 75 موٹر سائیکلیں، تین کاریں اور ایک رکشہ بھی آگ کی لپیٹ میں آئے اور مکمل طور پر جل گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ ٹینکر الٹنے کے بعد جب موٹر وے پولیس کے اہلکار وہاں پہنچے تو ایک بڑا ہجوم تیل اکٹھا کرنے جمع ہو چکا تھا اور پولیس اہلکاروں کے منع کرنے کے باوجود وہ جائے حادثہ سے دور نہیں گئے -پولیس حکام کے مطابق آگ بھڑکنے کے نتیجے میں 80 سے زیادہ افراد تو موقع پر ہی جل کر ہلاک ہوئے جبکہ باقی نے ہسپتال لے جاتے ہوئے یا پھر ہسپتال میں دم توڑا-احمد پور شرقیہ کے تحصیل ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق زخمیوں کو احمد پور شرقیہ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہاولپور اور ملتان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوں اور بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

طبی حکام کے مطابق اس حادثے میں جھلسنے والے افراد میں سے بیشتر کے جسم کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ جلا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایسی لاشوں کی شناخت صرف ڈی این اے سے ہی ممکن ہو سکے گی۔پنجاب کے وزیراِعلیٰ نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں کو برن سنٹرز منتقل کرنے کے لیے پاکستانی فوج نے چار ہیلی کاپٹر روانہ کر دیے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ادھر مقامی نامہ نگاران کے مطابق آئل ٹینکر احمد پور شرقیہ سے 5 کلو میٹر دور اڈا پکی پل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا جس پر لوگ جمع ہوگئے اسی دوراٹینکر اچانک دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے وہاں موجود لوگ بری طرح جھلس گئے جبکہ آئل ٹینکر کے قریب سے گزرنے والی درجنوں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی زد میں آکر خاک ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ میں 40 سے زائد زخمی ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان زخمیوں کا 60 فیصد سے زیادہ جسم جھلس چکا ہے اور انہیں ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی گاوں کے 250 سے زائد افراد جائے وقوعہ پر پہنچے تھے اور درجنوں افراد ابھی تک لاپتہ ہیں لہذا انتظامیہ کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے ۔

ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور صوبائی انتظامیہ کو زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کی۔

صدر پاکستان ممنون حسین نے آئل ٹینکر سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا کی اور زخمیوں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت جاری کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واقع پر افسوس کا اظہار کیا اور ضلع انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی حادثے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں سوگواران کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :