مبینہ روسی مداخلت پر اوباما نے ایکشن کیوں نہیں لیا ،ْصدر ٹرمپ

اوباما نے اس وقت خفیہ طریقے سے روس کو سزا دینے کے بہت سے آپشنز پر غور کیا تھا ،ْامریکی اخبار

اتوار 25 جون 2017 12:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیشرو براک اوباما پر الزام لگایا ہے کہ انھیں امریکی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے بارے میں معلوم تھا تاہم اس کے باوجود انھوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ امریکی صدر صدر ٹرمپ نے کہاکہ براک اوباما کو نومبر کے انتخابات سے کافی پہلے ان الزامات کے بارے میں معلوم ہوچکا تھا تاہم پھر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔

ان کا یہ بیان واشنگٹن پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہو نے کے بعد آیا جس میں کہا گیا ہے کہ اوباما کو گذشتہ اگست میں ہی روس کے صدر ولادی میر پوتن کے براہ راست ملوث ہونے کی معلومات حاصل ہو گئی تھیں۔رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت سے متعلق امریکہ میں اعلیٰ سطح کی جانچ چل رہی ہے تاہم صدر ٹرمپ انتخابات کے دوران کسی بھی طرح کی روسی مداخلت سے انکار کرتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں کہا گیا کہ اوباما کو گذشتہ برس اگست کے اوائل میں ہی روسی حکومت کے ذرائع سے پتہ چل گیا تھا کہ صدر پوتن انتخابات کو متاثر کرنے کیلئے ایک سائبر مہم سے منسلک ہیں جس کا مقصد یہ ہے کہ انتخابات کے دوران ہلیری کلنٹن کو نقصان پہنچایا جا سکے اور ٹرمپ کو کامیاب بنانے میں مدد کی جا سکے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن پوسٹ کے آرٹیکل کے بعد ٹویٹ کیا کہ اوباما انتظامیہ کو 8 نومبر سے پہلے ہی انتخابات میں روسی مداخلت کا پتہ چل گیا تھاانھوں نے کچھ بھی نہیں کیا آخر کیوں ۔

ایک انٹرویومیں انھوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس معلومات تھیں تو انھوں نے اس بارے میں کچھ کیا کیوں نہیں انھیں کچھ کرنا چاہیے تھا لیکن آپ نے کچھ بھی نہیں کیا۔ یہ افسوسناک ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ اوباما نے اس وقت خفیہ طریقے سے روس کو سزا دینے کے بہت سے آپشنز پر غور کیا تھا لیکن آخر میں صرف ایک علامتی قدم اٹھاتے ہوئے 35 روسی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کرنے کا حکم دیا اور دو روسی دفاتر بند کرنے کی ہدایات جاری کیںلیکن یہ اقدامات بھی انتخابات کے کافی بعد دسمبر کے اواخر میں کیے گئے۔

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ صدر اوباما کو اس بات کی فکر تھی کہ کہیں کارروائی کرنے سے ایسا نہ لگنے لگے کہ وہ خود انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،ْامریکی صدر اوباما نے روس کے خلاف کارروائی کے جن آپشنز پر غور کیا تھا اس میں روسی بنیادی ڈھانچے پر سائبر حملے کرنے اور روسی صدر پوتن کو نقصان پہنچانے والی معلومات کو افشاں کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔