مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری بدھ کوپاکستان آئینگے

اتوار 25 جون 2017 11:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے 28جو ن بروز بدھ کو پاکستان پہنچیں گے جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز محمد طارق خان اور اعلیٰ افسران انکا استقبال کریں گے۔

علاوہ ازیں دنیا کے دیگر ممالک سے بھی سکھ یاتری ان تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے مہمانوں کی رہائش ،سکیورٹی اور سفری سہولیات سمیت دیگر تما م ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔شیڈول کے مطابق سکھ یاتری28جون کو واہگہ بارڈرسے کلیئرنس کے بعد گور و دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کریں گے جہاں پر 29جون کو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی ۔

(جاری ہے)

30جون کو گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور یاترا کے بعد واپس لاہور آئیں گے ۔یاتری 2جولائی کوسپیشل ٹرین کے ذریعے لاہور میں گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیںگے ۔4جولائی کو حسن ابدال سے جنم استھان ننکانہ صاحب آئیں گے قیام کے دوران گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد روانہ ہو جائیں گے جہاں یاتراکر نے کے بعد ننکانہ صاحب واپس آئیں گے ۔بھارت سے آئے سکھ یاتری 7جولائی کو ننکانہ سے سپیشل ٹرین کے ذریعے بذیعہ واہگہ بارڈر واپس چلے جائیں گے ۔