Live Updates

پاکستان اور چین نے خطے میں سیکیورٹی اور امن کے فروغ کے لئے ملکر کوششوں پر اتفاق

چین کاپاکستان میں دہشت گرد ی کے حالیہ واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار ،د کھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ رہنے کے عزم کا اعادہ ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات ‘ افغانستان میں امن و استحکام ، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال پاکستان اور چین کے وفود کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات انتہائی مثبت اور تعمیری انداز میں ہوئے ، تمام دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی ،ذرائع دفتر خارجہ چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے گا، اقتصادی راہداری سے خطے میں معاشی استحکام آئے گا،چینی وزیر خارجہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات میں گفتگو، وزیر اعظم ہائوس میں چینی وفد کے اعزاز میں عشائیہ

ہفتہ 24 جون 2017 22:40

# اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2017ء) پاکستان اور چین نے خطے میں سیکیورٹی اور امن کے فروغ کے لئے ملکر کوششوں پر اتفاق کیا ہے جبکہ چین نے پاکستان میں دہشت گرد ی کے حالیہ واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ رہنے کے عزم کا اعادہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات ‘ افغانستان میں امن و استحکام ، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہفتہ کو یہ اتفاق پاکستان کے دوروزہ دورے پر آئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز دیگر حکام کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ ہو نے والی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کی شام پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی سربراہی مشیر خارجہ سرتاج عزیز جب کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے چینی وفد کی قیادت کی ۔

چینی وفد میں افغانستان کے لئے چینی نمائندے ڈینگ شی چن اور چینی سفیر بھی شامل تھے ۔ پاکستانی وفد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ مذاکرات میں افغانستان میںامن و استحکام اور خطے کی صورتحال کے علاوہ دو طرفہ امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ، چینی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد افغانستان امن عمل کے تناظر میں پاکستان چین اور افغانستان کے درمیان قریبی تعاون ہے ۔

اس سے پہلے چین کے وزیر خارجہ 11 رکنی وفد کے ہمراہ دفتر خارجہ پہنچے تو مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا ۔چین کے وزیر خارجہ افغانستان کا دورہ کرنے کے بعد پاکستان آئے ہیں ۔مذاکرات کے دوران افغانستان کی موجودہ سلامتی کی صورتحال اور اس مسئلے پر دونوں ممالک کی پوزیشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جس دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سلامتی کے امور پر کشیدگی پر قابو پانے کے لئے اپنے ملک کے ملک تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان خطے میں سیکیورٹی اور امن کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا ۔ دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق مذاکرات انتہائی مثبت اور تعمیری انداز میں ہوئے ۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان شاندار سفارتی تعلقات کے پس منظر میں بات کی گئی ۔ اس دوران پاکستان کے سرحدی علاقوں میں سلامتی سے متعلق امور پر دونوں ممالک نے یکساں موقف پایا گیا ۔

ذرائع نے وانگ ای کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مستقبل میں دو طرفہ اور خطے کے مفاد کے حوالے سے امور پر سوچ کو مزید فروغ دینے میں معاون اور ثمر آور ثابت ہو گا ۔ وانگ ای کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات طے ہے ۔ اپنی آمد کے فوری بعد چینی وزیر خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کے لئے دفتر خارجہ پہنچے تھے ۔

جہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ان کا استقبال کیا ۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں دو طرفہ اور خطے کے مفاد کے تمام امور پر بات چیت کی گئی ۔ پاکستان کے بعد توقع ہے کہ چینی وزیر خارجہ دونوں پڑوسی ممالک میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے افغانستان کا دورہ بھی کرینگے ۔ چین کے وز یر خارجہ وانگ ژی نے بعد ازاں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ‘ پاک چین تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی پیک کے منصوبوں اور خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہاکہ سی پیک سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ پاکستان اور چین علاقائی و بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبے کو مل کر کامیاب بنانا ہے۔ چین نے پاکستان کا مشکل وقت میں ہاتھ تھاما ہے۔

چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کا حقیقی معنوں میں حق نبھایا ہے۔ صدر شی جن پھنگ کا بیلٹ روڈ کا ویژن امن ‘ ترقی اور خوشحالی کا ویژن ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ حکومت نے انتہائی کم عرصہ میں منصوبوں کو مکمل کر کے دنیا میں نئی مثال قائم کی۔ پاکستان کے تمام ادارے راہداری منصوبہ کو ایک تحریک کے طور پر بڑھا رہے ہیں۔ چین کے اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد پر چینی وزیر خارجہ کے شکر گزار ہیں۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے بغیر پائیدار ترقی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ مشترکہ دشمن کو بین الاقوامی طور پر مشترکہ اقدامات سے ختم کرنا ہو گا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا پاکستان میں دہشت گرد ی کے حالیہ واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ چینی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے گا۔

اقتصادی راہداری سے خطے میں معاشی استحکام آئے گا۔ دریں اثناء چینی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں وزیر اعظم ہائوس میں پر تکلف عشائیہ بھی دیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب ، پارلیمنٹرینز اور دیگر نے شرکت کی ۔ قبل ازیں جب چینی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ائیر بیس پر ان کا شاندار استقبال کیا جہاں چینی وفد کو گلدستے پیش کیے گئے ۔ پاکستان میں چین کے سفیر سن ونگ ڈان اور پاکستان کے وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا ، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات