Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور،پاک چین تعلقات کے فروغ ،سی پیک کے منصوبوں اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال دہشت گردپاکستان اور چین کے مشترکہ دشمن ہیں،ملکر مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں گی:شہبازشریف پنجاب کی تیز رفتار ترقی اور گڈ گورننس کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی کوششیں قابل تعریف ہیں:وانگ ژی

ہفتہ 24 جون 2017 22:20

اسلام آباد،لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیراعظم ہاؤس، اسلام آباد میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ،جس میںباہمی دلچسپی کے امور،پاک چین تعلقات کے فروغ ،سی پیک کے منصوبوں اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی دوستی ہر پاکستانی کی متاع عزیز ہے اورپاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔

دونوں ممالک کی دوستی مضبوط معاشی تعاون میں بدل چکی ہے اور پاکستان اورچین علاقائی و بین الاقوامی امورپر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔چین نے پاکستان کامشکل وقت میں وقت ہاتھ تھام کر دوستی کا حقیقی معنوں میں حق نبھایا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے اورسی پیک کے منصوبے ریکارڈمدت میں مکمل ہوکر حقیقت کا روپ دھاررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اقتصادی راہداری کے عظیم الشان منصوبے کو ملکر کامیاب بنانا ہے ۔ چین کے صدر شی جن پنگ کا بیلٹ اینڈ روڈ کا ویژن امن ،ترقی اورخوشحالی کا ویژن ہے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے انتہائی کم عرصے میں انتہائی تیزی سے منصوبوں کو مکمل کر کے دنیا بھر میں نئی مثال قائم کی ہے اور آج بین الاقوامی ادارے پاکستان کی تیزرفتارترقی اورمعاشی استحکام کا برملا اعتراف کررہے ہیںاورپاکستان کی شفافیت کی پالیسی کوبھی عالمی ادارے سرا رہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ چین کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری وزیراعظم محمد نوازشریف اورانکی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے اور پاکستان کے تمام ادارے اکنامک کوریڈور کے منصوبے کو ایک تحریک کے طورپر آگے بڑھا رہے ہیں ۔پاکستان کیلئے چین کے اقتصادی پیکیج پر عملدرآمد میں چینی وزیرخارجہ کے کردار پر ان کے شکرگزار ہیں ۔وزیر اعلی نے کہا کہ پاک چین بڑھتے ہوئے تعاون سے خطے میں معاشی انقلاب اب دور کی بات نہیں، دنیا سی پیک کی معترف ہو چکی ہے جو پاکستان اور چین کی اعلی قیادت کی مشترکہ سوچ اور ویژن کانتیجہ ہے۔

پاکستان اور چین کی قیادت عالمی امن ، اتحاد اور یکجہتی کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے دونوںملک بین الاقوامی سطح پر قائم تنظیموں کے رکن کے طور پر امن و سلامتی کیلئے ہر ممکن جدو جہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے علاقائی تعاون اور ترقی کیساتھ سفارتی تعلقات کو مضبوط تر کرنے میں مد د ملے گی۔ انہوںنے پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور تعاون کا ذکرتے ہوئے کہاکہ اعلی ترین سطح پر دونوں ملکوں کی قیادت میں باہمی احترام اور محبت کے رشتے اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے ذریعے اب دونوں ملکوںکے عوام کیلئے سود مند معاشی فوائد کا باعث بن رہے ہیں۔

پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کا ذکرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہاکہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے زیر تکمیل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے والی قوتیں پاکستان میں دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیوں سے معصوم شہریوں کا خوں بہا رہی ہیں اور پاکستان میں ترقی کا عمل روک کر عالمی اہمیت کے حامل منصوبوں کو ناکام کرنا چاہتی ہیںتاہم افواج پاکستان کیساتھ ساتھ سیکورٹی ادارے چوکس ہیں اور ان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جو پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہیں۔

دہشت گردپاکستان اور چین کے مشترکہ دشمن ہیں اور دونوں ملک مل کر اس مشترکہ دشمن کا مقابلہ کریں گے، مشترکہ دشمن کو بین الاقوامی طورپرمشترکہ اقدامات سے ختم کرنا ہوگا کیونکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے بغیر پائیدار ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتااور خطے میںپائیدار امن علاقائی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے دنیا میں امن ، تعاون اور ترقی کیلئے چین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ خطے کے ممالک غربت ، بے روزگاری اور معاشی مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون سے ایسے منصوبوں کو کامیاب کرنے میں تعاون کریں جن سے مشترکہ مسائل و مشکلات میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چینی وزیر خارجہ کو وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اوروزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف کی طرف سے ان کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پردکھ اورافسوس کا اظہارکیااورجاں بحق افراد کے لواحقین کیساتھ ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اورعوام کیساتھ ہیں ۔چینی وزیرخارجہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے گا۔سی پیک سے خطے میں معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر دور میں مثالی رہی ہے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں چین اپنا کردار اسی طرح ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ملک عالمی امن اور ترقی کے خواہاں ہیں اور پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں میں ملکوں میں صنعت و تجارت اور ہر شعبے میں تعاون کا فروغ دونوں ملکوں کے عوام کیلئے خوش آئند اور تابناک مستقبل کی نو ید ہے ۔انہوں نے پنجاب کی تیز رفتار ترقی اور معاشی استحکام کے منصوبوںاور گڈ گورننس کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب کا صوبہ تیز ی سے ترقی کر رہاہے جو کہ قابل ستائش ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وزیر خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے پرجو ش استقبال پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ اد ا کیا۔عشائیہ میں چین کے سفیر سن ویڈانگ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیرمملکت مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، تہمینہ جنجوعہ ، سردار مہتاب خان ، چیف سیکرٹری پنجاب ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواداوردیگر اہم شخصیات کے علاوہ چینی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات