گیلانی ،میرواعظ کی طرف سے جمعتہ الوداع کے موقع پرجامع مسجد کی بندش ،کرفیو کی شدید مذمت

یاسین ملک عیدسے قبل گرفتار، کاکہ پورہ پلوامہ میں تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی

ہفتہ 24 جون 2017 22:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے قابض انتظامیہ کی طرف سے گزشتہ روز ،جمعة الوداع کے موقع پر سرینگر میں کرفیو کے نفاذ اورجامع مسجد کی بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ ایک طرف امرناتھ یاتریوںکو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھاری اخراجات اور خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کو جمعة الوداع کے موقع پر نماز کی ادائیگی سے روکنے کے لیے کرفیو اور پابندیاں عائد کی گئی ہیں ۔

انہوں نے عید الفطر سے قبل غیر قانونی طورپر نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد بھی دی ہے ۔بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو آج سرینگر میں ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ یاسین ملک نے گزشتہ روز چرارشریف میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے کشمیر کو ایک مقتل میں تبدیل کردیا ہے جہا ں قابض فورسز معصوم لوگوں کا قتل عام کررہی ہیں۔

بھارتی پولیس نے ضلع بان-ڈی پورہ کے علاقے حاجن میں پانچ افرادکو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔ بھارتی فورسزکے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت پر آج مسلسل تیسرے روز بھی ضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میںمکمل ہڑتال کی گئی۔ بھارتی فوجیوں نے جمعرات کو محاصرے اور تلاشی کی کارروارئی کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کرکے ایک شہری توصیف احمد وانی کو بھی شہید کردیا تھا۔ دریں اثناء کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت کے خلاف طلباء کے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظرضلع شوپیاں کے تعلیمی ادارے بند رکھے۔ تحریک حریت جموں وکشمیر نے ایک بیان میں ضلع شوپیان کے علاقوں کنڈلن اور ناگی شرن میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران بھارتی فوجیوں کی طرف سے املاک کی توڑ پھوڑ اور خواتین سمیت مکینوں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :