گلگت بلتستان میں اپوزیشن اور حکومت کا متفقہ طور پر بجٹ منظور کرنا صوبے کی تعمیر وترقی کیلئے خوش آئند ہے،حافظ حفیظ الرحمن

ہمارا ایجنڈا تعمیر و ترقی اور امن کا ہے ،صوبے کی ترقی کیلئے اپوزیشن کے مثبت تجاویز اور کردار کو سراہا جائیگا، بیان

ہفتہ 24 جون 2017 22:11

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ملک کا واحد صوبہ ہے جس میں اپوزیشن اور حکومت نے متفقہ طور پر بجٹ کو منظور کیاہے جو صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے خوش آئندہ ہے، گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ 18 ارب سے زیادہ کا ہے۔ صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں اپوزیشن کا بجٹ اجلاس میں علاقے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں تعاون انتہائی مثبت اقدام ہے۔

ہمارا ایجنڈا تعمیر و ترقی اور امن کا ہے صوبے کی ترقی کیلئے اپوزیشن کے مثبت تجاویز اور مثبت کردار کو سراہا جائے گا۔ ہفتہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سال 2017-18ء کا بجٹ عوام دوست بجٹ ہے اس کو بند کمروں کے بجائے عوام کے منتخب نمائندوں نے تیار کیاہے، بجٹ سے قبل پری بجٹ سیمینار کرانے کیلئے اپوزیشن، سول سوسائٹی سمیت شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو مثبت تجاویز دینے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔

(جاری ہے)

حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے بجٹ سو فیصد استعمال ہوا جس کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کا حجم 18 ارب سے زیادہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے ترقیاتی بجٹ کا حجم مکمل بجٹ کے 60 فیصد ہوا ہے جو گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے معاون ہوگا۔ ترقی کو عملی جامع پہنانے کیلئے سب کو مل کر ذاتی ایجنڈے سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہوگا۔

مثبت تجاویز اپوزیشن کے نمائندوں سے بھی آئے تو حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے جو گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کررہے ہیں جس کی وجہ سے صوبے کا بجٹ دگنا ہواہے۔ بجٹ میں تمام شعبوں کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے اور بلاتفریق تمام اضلاع میں وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا گیا ہے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :