پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ کی طاقت سے این اے 260کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی ،حاجی علی مدد جتک

عوام سبز باغ دکھانے والوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے،شکیل دائود اور عاصمہ بلوچ کی شمولیت سے پارٹی مزید فعا ل ہوگی

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ کی طاقت سے 15جولائی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی عوام سبز باغ دکھانے والوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کی ہے قبائلی و سیاسی رہنماوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے پارٹی بلوچستان میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمیدکاکڑ،ربانی خلجی ،ثناء اللہ جتک ،شہزادہ کاکڑ، عابدہ بلوچ اور یاسمین مینگل اور دیگر نے عاصمہ بلوچ ،ماریہ بلوچ ، بی بی سکینہ ، زنیب بلوچ کی اپنی سینکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے اور ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے موجودہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں قوم پرستوں نے عوام کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کئے کامیابی کے بعد اقتدارمیں آنے کے بعدقوم پرست جماعتیں عوام کے مسائل بھول کرلوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہیںکوئٹہ شہر اور صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک بھر میں فعال اور منظم ہورہی ہے اور انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں فعال اور منظم ہورہی ہے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے سیاسی وقبائلی عمائدین پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام اورملازمی کو انکے جائز حقوق دلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے عوام کے حقوق کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے لیکن اصولوں پرکوئی سودے بازی نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کوئٹہ آمد کے موقع پر تحریک انصاف کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری شکیل داود کی پیپلزپارٹی میں شمولیت سے کوئٹہ شہر میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی انہوں نے شکیل احمد دودا اورانکے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پروگرام اور منشور سے اتفاق کرتے ہوئے قبائلی اور سیاسی شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہیں اورانشاء اللہ پیپلز پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔ انہو ں نے عاصمہ مینگل ،ماریہ بلوچ،بی بی سکینہ اور زنیب بلوچ کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں سبز باغ دکھانے والوں میں بہکاوے میں نہ آئیں اور پیپلز پارٹی کے عمیر سردارزادہ عمیر محمد حسنی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں انشاء اللہ پیپلز پارٹی عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ 15جولائی کا سورج انشاء اللہ پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :