حافظ آباد، سکھیکی اور کسوکی پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن ،کمالو مویشی چور گینگ اور منشو گینگ گرفتار، قبضے سے مال مسروقہ، اسلحہ برآمد

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) سکھیکی اور کسوکی پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کمالو مویشی چور گینگ اور منشو گینگ کو گرفتار کرکے انکے قبضہ سے بھاری تعداد میں مال مسروقہ اور ناجائزا سلحہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کمالو مویشی چور گینگ مویشی چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب چلے آرہے تھے۔پولیس تھانہ سکھیکی نے آپریشن کرکے کمالو مویشی چورگینگ کے سرغنہ کمال دین عرف کمالو کو اس کے 2 ساتھیوں نسیم اور سلیم کے ہمراہ گرفتار کر لیا جس کے بعد پولیس نے چوکی سکھیکی کے قریب سلیم اور نسیم کے مویشیوں کے باڑے پر جانوروں کی برآمدگی کے لئے ریڈ کیا تو انکے اہل خانہ نے برآمدگی سے بچنے کے لئے مویشیوں کو دوڑالیا ۔

جس سے ایک بھینس لاھور سرگودھا روڈ پر ٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی۔

(جاری ہے)

جس پر نسیم او سلیم کے اہل خانہ کے پندرہ بیس افراد نے وہاں پر احتجاج کیا جس سے وہاں پر آدھ گھنٹہ تک ٹریفک بلاک ۔۔ دوسری جانب کسوکی پولیس نے منشو گینگ کے سرغنہ محمد منشاء عرف منشو کو اس کے 2 ساتھیوں خالد اور افضل کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔ ملزمان پیٹر انجن اور سرقہ عام کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔پولیس ترجمان کے مطابق منشو اور کمالوگینگز کے قبضہ سے 8 بھینسیں،2گائے، 2پیٹر انجنز، ایک موٹر سائیکل اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کر کے مالکان کے حوالے کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ملزمان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :