حکومت ساڑھے چار سال میں اپنے کسی وعدے پر عمل نہیں کر سکی تو اب چھ ماہ میں کون سا تیر مار لے گی ‘ امیر العظیم

لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی رپورٹ نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے ‘ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی رپورٹ نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے ، حکمران 2013 ء سے بلند و بانگ دعوے کر رہے تھے کہ 2018 ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کردیں گے اور لوڈشیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی مگر نیپرا کی رپورٹ میں واضح طور پر کہاگیاہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے حکومتی دعوے سراسر جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ، لوڈشیڈنگ پر 2018 ء کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکے گا ۔

حکمران قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ منصورہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حافظ نصیر الدین اور شفیق ملک بھی موجود تھے ۔ امیر العظیم نے کہاکہ بڑے بڑے بجلی چور حکومت کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔ جب تک ان کو حکومت گود سے نہیں اتارتی اور لائن لاسز پر قابو نہیں پایا جاتا ، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوسکتی ۔

انہو ں نے کہاکہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کو سحری و افطاری کے اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا حالانکہ وزیراعظم نے خود اعلان کیا تھاکہ رمضان المبارک ،خاص طور پر سحری و افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔ امیر العظیم نے کہاکہ حکمران جان بوجھ کر عوام کو فریب میں مبتلا رکھناچاہتے ہیں تاکہ وہ 2018 ء کے انتخابات میں ان جھوٹے وعدوں پر ووٹ حاصل کر سکیں مگر اب عوام حکمرانوں کے وعدوں پر کان دھرنے والے نہیں ۔ حکومت ساڑھے چار سال میں اپنے کسی وعدے پر عمل نہیں کر سکی تو اب چھ ماہ میں کون سا تیر مار لے گی ۔

متعلقہ عنوان :