Live Updates

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کاواپڈا ٹائون کی اوپن مارکیٹوں کا طویل دورہ ،قیمتوں ،اشیاء کے معیار کا جائزہ لیا گیا

ڈیپارٹمنٹل ، جنرل سٹورز ، گوشت ، سبزیوں ، پھلوں کی دکانوں پر منافع خوری کرنیوالی15افراد کو جرمانے،2کیخلاف مقدمہ درج کسی کو بھی اپنے نرخ مقرر کرنے کی اجازت نہیں دینگے ،رمضان المبارک کے بعد بھی کارروائیاں جاری رہیں گی‘ میاں عثمان کی گفتگو

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے واپڈا ٹائون کی اوپن مارکیٹوں کا طویل دورہ کرکے بڑے ڈیپارٹمنٹل ، جنرل سٹورز ، گوشت ، سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں پر قیمتوں اورمعیار کا جائزہ لیا ،منافع خوری پر 15کو بھاری جرمانے جبکہ 2کے خلاف مقدمہ درج کرا دیاگیا ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے دورے کے دوران اوپن مارکیٹوںمیں خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار بارے آگاہی حاصل کی ۔

مختلف دکانوں کے دورے کے دوران ناقص سبزیاں اور پھل ہٹوادئیے گئے جبکہ دکانداروں کو آئندہ کیلئے سخت تنبیہ بھی کی گئی ۔ چھاپہ مار ٹیم نے اوپن مارکیٹوں میں بڑے ڈیپارٹمنٹل اور جنرل سٹورز کا بھی دورہ کیا اور منافع خوری پر 15کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ 2کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

(جاری ہے)

بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر پیکنگ میں فروخت کی جانے والی اشیاء کا وزن بھی چیک کیا گیا ۔

اس موقع پر بیف ، مٹن اور چکن کی دکانوں کا بھی دورہ کرکے قیمتوں اور گوشت کے معیار کا جائزہ لیا گیا ۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے مختلف مقامات پر شہریوں سے زائد وصول کی گئی رقم بھی واپس کروا دی ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی سرکاری ریٹ لسٹ کی بجائے اپنے نرخ مقرر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف رمضان المبارک کے بعد بھی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔

انہوںنے کہا کہ رمضان المبار ک میں رمضان بازاروںمیں مجموعی طور پر صورتحال اطمینان بخش رہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹوں میں ملنے والی شکایات پر فوری اور سخت کارروائیاں کی گئیںاور منافع خوروں اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کو لاکھوں روپے جرمانے کئے گئے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا مشن ہے اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :