میو ہسپتال کے نارتھ میڈیکل وارڈ کی ناقابل استعمال قرار دی گئی عمارت کی تعمیر نو کا فیصلہ

آغازعید کے فورا بعد ہوگا،قدیم عمارت کی تعمیر نو کے اخراجات تجمل فاؤنڈیشن اٹھائے گی‘ نجم احمد شاہ

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) میو ہسپتال کے نارتھ میڈیکل وارڈ کی 2008ء میں ناقابل استعمال قرار دی گئی عمارت کی تعمیر نو کا آغازعید کے فورا بعد کردیاجائے گا ،اس عمارت پر 150 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ ہوگی جو تجمل فاؤنڈیشن فراہم کرے گی ۔اس سلسلہ میں ہفتہ کے روز ہسپتال میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، قائم مقام وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر قاضی سعید ،تجمل فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن بیگم لائلہ نصرت ،ان کے شوہر میاں نصرت، پروفیسر ساجد عبیداللہ،ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل کے علاوہ پراجیکٹ کوآرڈینٹر پروفیسر سید محمد اویس نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے تجمل فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بیگم لائلہ نصرت کے انسانی خدمت کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے اور رمضان کے مہینے میں اس کارخیرکا آغاز کرکے تجمل فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم نے ایک روشن مثال قائم کردی ہے - سیکرٹری صحت نے پراجیکٹ کے کوآرڈینیٹر پروفیسر سید محمد اویس کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اس منصوبے کو شروع کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے تجمل فاؤنڈیشن کو اس وارڈ کی تعمیر کے لئے آمادہ کیا - پروفیسر اویس نے بتایاکہ نارتھ میڈیکل وارڈ کی قدیم عمارت کو ناقابل استعمال قرار دے کر 2008ء میں خالی کرالیاگیا تھا - اب یہ عمارت نئے سرے سے تعمیر کی جائے گی -انہو ںنے بتایاکہ عمارت بیسمنٹ سمیت چار منزلوں پر مشتمل ہوگی جس کا کل رقبہ 38500 مربع فٹ ہوگا -عمار ت میں جدید ایئر کنڈیشنڈ نظام اور لفٹ نصب کی جائیں گی - نارتھ میڈیکل وارڈ 80بستروں پر مشتمل ہوگا اور ڈاکٹر ز کی تعلیم و تدریس کے لئے لیکچر ہال بھی تعمیر کیاجائے گا - عمارت ’’ٹرن کی‘‘ (Turn Key )بنیاد پر 12ماہ میں مکمل ہوگی - تعمیراتی کام کی نگرانی کے لئے پانچ رکنی کمیٹی ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جس میں بیگم لائلہ نصرف ، معروف سماجی کارکن غیاث الدین المعروف بابا جی ، میجر جنرل اے ایم طارق ،پروفیسر سید محمد اویس آرتھوپیڈک سرجن شامل ہیں - پروفیسر اویس نے مزید بتایاکہ عید کی چھٹیو ںکے فورا بعد عمارت کی تعمیر کا باقاعدہ کام شروع کردیاجائے گا - سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خطیر رقم سے عمارت کی تعمیر پبلک اینڈ پرائیویٹ پارٹنرشپ کی مشتر کہ تعاون کی مثال ہے - انہوں نے کہاکہ فرینڈز آف میوہسپتال اس قسم کے مزید منصوبوں پر بھی کام کررہے ہیں - انہو ں نے ہدایت کی کہ عمارت کی تعمیر کا کام پر تیز رفتاری کے ساتھ کیاجائے اور اسے دس ماہ میں مکمل کیاجائے تاکہ مریض اس سہولت سے جلد از جلد استفادہ کرسکیں-