چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

پاکستانی قیادت کیساتھ افغانستان میں امن مذاکرات سمیت پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے بارے بات چیت کرینگے

ہفتہ 24 جون 2017 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد پہنچ گئے وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی قیادت کیساتھ افغانستان میں امن مذاکرات سمیت پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے بات چیت کرینگے۔ پاکستان کا دورہ کرنے سے پہلے وہ ہفتے کی صبح کابل پہنچے تھے اور وہاں افغان رہنمائوں کیساتھ ان امور پر بات چیت کی تھی ۔

وزارت خارجہ کے ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ چینی وزیرخارجہ کے دورے کا ایک اور اہم موضوع افغانستان ، چین پاکستان اور امریکہ کے چار ملکی گروپ کو بحال کرنے پر بھی غور کرنا ہے جو گزشتہ سال مئی میں افغان طالبان کے سربراہ ملاں اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے کے بعد غیر فعال ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

۔ رواں ماہ قازقستان کے درالحکومت آستانہ میں افغان صدر اشرف غنی اور وزیراعظم محمدنواز شریف کے درمیان ملاقات بھی چین کی سہولت کاری سے ممکن ہوئی تھی اس ملاقات میں افغانستان اور پاکستان نے چار رکنی رابطہ گروپ کی بحالی پر اتفاق کیا تھا ، یاد رہے کہ گزشتہ سال اٹھارہ مئی کو اسلام آباد میں اسی رابطہ گروپ کے اجلاس کے صرف تین دن بعد امریکہ نے افغان طالبان کے سربراہ کو ڈرون حملے میں مارنے کے بعد اس گروپ کی سرگرمیوں کو نقصان پہنچایا تھا پاکستان اورچین اسی چار ملکی گروپ اور اس کے زیادہ موثر کردار کے حامی ہیں، لیکن امریکہ اور افغانستان نے اس گروپ کی سرگرمیوں میں عدم دلچسپی کا اظہار شروع کیا تھا ۔

ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ چین نے پاکستان افغانستان اورچین کے سربراہان کا اجلاس بھی بلانے کی تجویز پیش کی ہے اس تجویز پر بھی مزید بات چیت چینی وزیر خارجہ کے اس دورہ پاکستان کے دوران ہوگی۔