سیکیورٹی فورسز کے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متعدد آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک

ایک فوجی اور تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے،آئی ایس پی آر

ہفتہ 24 جون 2017 22:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2017ء) سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں حساس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے کئے گئے متعدد آپریشنزمیں تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ایک فوجی اورتین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 12 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ تمام کارروائیاں ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے تحت کی گئی ہیں۔ متھرا پشاور میں انٹلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک جبکہ سیکورٹی فورسز کا ایک اور پولیس کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ پنجاب میں پنجاب رینجرز، سی ٹی ڈی، پولیس اور حساس اداروں نے فیصل آباد، گوجرہ اور جڑانوالہ میں تلاشی کے مشترکہ آپریشن کئے جن میں بارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔