سٹی ٹریفک پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کا ٹریفک پلان جاری کر دیا

ہفتہ 24 جون 2017 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2017ء) سٹی ٹریفک پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کا ٹریفک پلان جاری کر دیاجس کے مطابق عید الفطر کے موقع پر 02 ایس پیز، 12 ڈی ایس پیز، 116 انسپکٹرز اور 121 لیڈی وارڈنز سمیت 03 ہزار ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دینگے۔ شہر میں ون ویلنگ، تجاوزات، بھکاریوں اور رانگ پارکنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ٹریفک وارڈنز چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک شخص یا گاڑی پر بھی کڑی نظر رکھیںگے۔ تمام ٹریفک وارڈنز کو ان کی ڈیوٹی بارے بریفنگ متعلقہ ایس پی، ڈی ایس پی اور سیکٹر انچارجز دینگے۔ شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے پہلی بار شہر کی تمام اہم شاہرائوں پر پبلک ایڈریس سسٹم کے تحت خصوصی کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں تعینات ٹریفک وارڈنزگزرنے والے شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی اور عملدرآمد پر زور دینگے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے اس موقع پر کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے عیدالفطر کے حوالہ سے مربوط ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے جس کے مطابق شہر کی اہم مساجد و امام بارگاہوں پر ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کی نماز کے حوالہ سے 200 سے زائد کھلے مقامات پر متعلقہ ڈی ایس پیز، سیکٹر انچارجز اور اضافی ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔

لیڈی ٹریفک وارڈنز کو ماڈل روڈز پر پہلی بار تعینات کیا جا رہا ہے جن کی سپرویژ ن ایک سینئر لیڈی ٹریفک وارڈن کرینگی۔ چاند رات کے موقع پر تمام ٹریفک افسران شہرکی زیادہ رش والی مختلف مارکیٹوں میں سڑکوں پر موجود رہیں گے۔ عید کے ایّام میں شہر کی بڑی تعداد اپنے اہلخانہ کے ساتھ پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کرتے ہیں جن کیلئے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہوررائے اعجاز احمد نے مزید کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ٹریفک دبائو کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے 07 ٹریفک ریسپانس یونٹس کے ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا جارہا ہے جو شہر کے کسی بھی مقام پر ٹریفک دبائو کی اطلاع پر فوری موقع پر جا کر ٹریفک روانی کو یقینی بنائیں گے۔ تمام ایس پیز اور ڈی ایس پیز اپنے علاقہ جات میں ٹریفک روانی کے ساتھ ساتھ تجاوزات، رانگ پارکنگ، ون ویلنگ اور ون وے کیخلاف کارروائی کاجائزہ بھی لینگے۔ نماز کے اوقات میں جن مقامات پر متبادل راستے دیئے جارہے ہیں وہاں اضافی ٹریفک وارڈنز ٹریفک بہائو کو یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :